تلنگانہ کے وزراء نے اربن فاریسٹ پارک کا افتتاح کیا
حیدرآباد،جولائی۔تلنگانہ کے وزراء اندراکرن ریڈی اور سبیتا اندرا ریڈی نے رنگاریڈی ضلع کے مہیشورم منڈل میں اربن فاریسٹ پارک کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں وزراء، عہدیداروں اور دیگر عوامی نمائندوں نے سرسبزی وشادابی کے پروگرام ہریتا ہارم کے حصہ کے طورپر پودے لگائے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزراء نے کہا کہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے خیالات کے مطابق شہروں اور قصبوں کے قریب ریزرو فاریسٹ علاقوں میں اربن فاریسٹ پارکس کو تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان پارکس میں عوام کے لئے مختلف سہولیات فراہم کی جارہی ہیں تاکہ یہاں آنے والوں کو ذہنی مسرت کے ساتھ ساتھ خوشگوار ماحول فراہم کیا جائے۔ایسے پارکس حیدرآباد کے چاروں طرف بنائے جارہے ہیں۔ناگارم اربن فاریسٹ پارک کو بیرونی رنگ روڈ سے 7 کلومیٹر دور مہیشورم منڈل کے پدااپولی نگر میں 556.69 ہیکٹر کے علاقے میں 8.17 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹری پلازہ، وزیٹرز پاتھ وے، سفاری ٹریک، واچ ٹاور، گیپ پلانٹیشن، فارسٹ ایریا میں پروٹیکشن وال، بور ویل، پائپ لائن اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔