حکومت عوام پر مرتکز اقدامات کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے: مودی

نئی دہلی، جون۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ 21 ویں صدی کا ہندوستان عوام پر مبنی طرز حکمرانی کے نقطہ نظر کے ساتھ آگے بڑھا ہے اور یہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ ہم خود لوگوں تک پہنچیں اور ہر ایک اہل شخص کو مکمل فائدہ پہنچائیں۔ وزارت خزانہ اور کارپوریٹ امور کی طرف سے یہاں آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت منعقدہ ایک ہفتہ طویل خصوصی پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ ملک نے ماضی میں حکومت پر مرتکز حکمرانی کا خمیازہ اٹھایا ہے۔ لیکن آج 21ویں صدی کا ہندوستان عوام پرمرتکز طرز حکمرانی کے ساتھ آگے بڑھا ہے۔ جن لوگوں نے ہمیں یہاں اپنی خدمت کے لیے بھیجا ہے۔ اس لیے یہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ ہم خود عوام تک پہنچیں، ہر اہل فرد تک پہنچیں، انہیں بھرپور فائدہ پہنچائیں، یہ ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے۔اس موقع پر مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن، کارپوریٹ امور کے وزیر مملکت راو¿ اندرجیت سنگھ، وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری اور ریاستی وزیر خزانہ بھاگوت کرشنا راو¿ کراد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے جن سمرتھ پورٹل کا بھی آغاز کیا، جو حکومت کی کریڈٹ سے منسلک اسکیموں کا پورٹل ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے ایک روپے، دو روپے، پانچ روپے، 10 روپے اور 20 روپے کے خصوصی سیریز کے سکے بھی جاری کئے۔ مسٹر مودی نے کہا کہ یہ نئے سکے ملک کے لوگوں کو امرت کال کے مقاصد کے بارے میں مسلسل یاد دلائیں گے، انہیں ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کی ترغیب دیں گے۔ محکمہ کی جانب سے اگلے ایک ہفتے میں کئی پروگرام منعقد کیے جانے والے ہیں۔اس موقع پر ایک ڈیجیٹل نمائش کا بھی آغاز کیا گیا جس میں روپے کے سفر کو بھی دکھایا گیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ آزادی کا یہ امرت کا تہوار صرف 75 سال کا جشن نہیں ہے، بلکہ ان خوابوں کو منانے کا ہے جو ہمارے ہیرو اور ہیروئنوں نے آزاد ہندوستان کے لیے دیکھے تھے، ان خوابوں کو جشن منانے، ان خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے اور نیا عزم کرکے آگے بڑھنے کا یہ لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے ستیہ گرہ کا راستہ اختیار کیا، کسی نے ہتھیاروں کا راستہ، کسی نے ایمان اور روحانیت کا راستہ چنا اور کچھ نے اپنے قلم کی طاقت کو آزادی کے شعلے کو جگانے کے لیے دانشمندی سے استعمال کیا۔ کسی نے عدالت میں مقدمات لڑ کر ملک کی آزادی میں ایک نئی روح پھونکنے کی کوشش کی۔ یہی وجہ ہے کہ آج جب ہم آزادی کے 75 سال منا رہے ہیں تو ہر اہل وطن کا فرض ہے کہ وہ اپنی سطح پر قوم کی ترقی میں اپنا خصوصی کردار ادا کرے۔اپنے آٹھ سالہ دور اقتدار کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ پچھلے آٹھ سالوں میں ہندوستان نے مختلف جہتوں پر مسلسل نئے قدم اٹھائے ہیں، نئی چیزیں کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس دوران ملک میں جس عوامی شراکت میں اضافہ ہوا، اس نے ملک کی ترقی کو تحریک دی، ملک کے غریب ترین شہریوں کو بااختیار بنایا۔ سوچھ بھارت ابھیان نے غریبوں کو عزت کے ساتھ جینے کا موقع دیا۔ پختہ مکانات، بجلی، گیس، پانی، مفت علاج جیسی سہولیات نے غریبوں کا وقار بڑھایا، شہریوں کے اعتماد میں ایک نئی توانائی بھری اور ساتھ ہی سہولت میں اضافہ کیا۔

Related Articles