2022 خواتین کرکٹ کیلئے ایک بڑا سال ثابت ہوگا: لینننگ
میلبورن ، 22 اگست (یو این آئی) آسٹریلیائی خاتون کرکٹ ٹیم کی کپتان میگ لیننگ کا کہنا ہے کہ 2022 خواتین کرکٹ کے لئے بڑا سال ثابت ہوگا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کورونا وائرس کی وجہ سے خاتون ون ڈے ورلڈ کپ ملتوی کردیا ہے۔ لیننگ کا خیال ہے کہ ورلڈ کپ کے التوا سے انہیں مایوسی ہوئی لیکن 2022 میں ورلڈ کپ ، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ، برمنگھم کامن ویلتھ گیمز اور ویمن ایشیز جیسے چار بڑے ٹورنامنٹ ہیں اور یہ سال خواتین کی کرکٹ کے لئے بڑا سال ثابت ہوگا۔
کرک انفو نے لیننگ کے حوالے سے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ورلڈ کپ ایک سال کے لئے ملتوی ہونے سے ہم مایوس ہوئے۔لیکن ساتھ ہی ہم اس فیصلے کو بھی سمجھتے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ ہم اس صورتحال کے بارے میں بہت کچھ نہیں جانتے یا نہ سمجھتے ہوں لیکن ہم آئی سی سی کے فیصلے کو سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب ہم صرف 2022 کی طرف دیکھ رہے ہیں جو ہمارے لئے بہت بڑا سال بننے والا ہے۔ اس دوران کچھ عالمی ٹورنامنٹ منعقد ہونے ہیں اور دولت مشترکہ کھیلوں کا انعقاد ہونا ہے۔ یہ وہ چیز ہے جس کے ہم منتظر تھے۔ ہم آئندہ سیریز سے شروعات کریں گے اور پھر 2022 میں پیشقدمی کریں گے۔