وزیر کے تبصرے پر ہنگامہ، بی جے پی ایم ایل اے کو کچھ دیر کے لیے کیا گیا معطل

رائے پور دسمبر۔ چھتیس گڑھ قانون ساز اسمبلی میں وزیر خوراک امرجیت بھگت کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر رمن سنگھ کے بارے میں کئے گئے تبصرے پر اہم اپوزیشن جماعت بی جے پی کے ارکان نے ہنگامہ کیا اور اسپیکر کے پوڈیم کے سامنے پہنچ کر احتجاج کیا۔ جس سے 11 ممبران معطل ہوگئے۔وزیر بھگت نے وقفہ سوالات کے دوران امدادی قیمت پر خریدے گئے دھان کو نہ اٹھانے سے ہونے والے نقصان سے متعلق ضمنی سوال کے جواب میں ڈاکٹر سنگھ پر نازیبا تبصرے کئے جس پر بی جے پی ارکان ناراض ہوگئے اور انہوں نے وزیر سے الفاظ واپس لینے اور اس پر افسوس کا اظہار کرنے کا مطالبہ کیا۔ اسپیکر ڈاکٹر چرن داس مہنت نے غیر اخلاقی تبصرے کو کارروائی سے حذف کرنے کا اعلان کیا لیکن بی جے پی ارکان اس سے مطمئن نہیں ہوئے۔اس کے بعد اسپیکر ڈاکٹر مہنت نے وزیر کو افسوس کا اظہار کرنے کا مشورہ دیا۔وزیر نے اسپیکر کے مشورے کو قبول کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف ایک محاورہ کہا تھا۔اس دوران پارلیمانی امور کے وزیر نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ 15 برس سے ریاست کے وزیر اعلیٰ رہے ہیں اور ذاتی طور پر وہ بی جے پی ارکان سے زیادہ ان کی عزت کرتے ہیں۔اس کے بعد بی جے پی ارکان نے اسپیکر کے پوڈیم کے سامنے احتجاج کیا جس کی وجہ سے 11 ارکان کو ازخود معطل ہوگئے۔اسپیکر نے کچھ دیر بعد ان کی معطلی ختم کر دی اور اپوزیشن لیڈر دھرم کوشک کو اپنے سوال پوچھنے کے لئے کہا تو انہوں نے ڈاکٹر سنگھ پر نامناسب ریمارکس کی وجہ سے وزیر خوراک سے سوال نہ کرنے کا اعلان کیا۔اس کے ساتھ ہی دوسرے بی جے پی ارکان نے بھی آج محکمہ خوراک سے متعلق اپنے سوالات پوچھنے سے انکار کر دیا۔اس پر اسپیکر نے کہا کہ ایوان میں موجود ہوتے ہوئے وزیر سے سوال نہ کرنا مناسب نہیں۔اس کے بعد کارروائی آگے بڑھ گئی۔

 

Related Articles