کیا رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ بھی دسمبر میں شادی کریں گے؟

ممبئی،اکتوبر۔بولی وڈ اداکارہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی دسمبر میں شادی کی خبروں کے بعد سے میڈیا میں یہ چہ مگوئیاں بھی کی جارہی ہیں کہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ بھی اسی سال دسمبر میں شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق کچھ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور بھی دسمبر میں شادی کے بندھن میں بندھنے کا ارادہ کر رہے ہیں۔دکن کرونیکل کے مطابق رنبیر کپور اور عالیہ نے دسمبر میں دیگر مصروفیات ترک کردی ہیں تاکہ وہ اپنی شادی پر توجہ مرکوز کر سکیں۔پنک ولا کے مطابق ان رپورٹس کی تصدیق کے لیے کرینہ کپور کے والد اور رنبیر کے چچا رندھیر کپور سے رابطہ کیا گیا۔رندھیر کپور نے کہا کہ ’میں نہیں جانتا اور میں نے یہ خبر بھی نہیں سنی ہے، کسی نہ کسی دن اس کی شادی ہو جائے گی، لیکن مجھے اس کی کوئی خبر نہیں‘۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے تو دسمبر میں رنبیر اور عالیہ کے شادی کے بارے میں بھی کچھ نہیں سنا۔خیال رہے کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کو کچھ عرصے سے ایک ساتھ مختلف تقاریب میں دیکھا گیا ہے۔گزشتہ ماہ دونوں نے جودھ پور میں رنبیر کپور کی 39 ویں سالگرہ بھی منائی تھی، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی تھیں۔عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے درمیان تعلقات اور ان کی شادی کی چہ مگوئیاں 2017 سے جاری ہیں لیکن تاحال دونوں نے واضح طور پر اس حوالے سے کچھ نہیں کہا۔رنبیر کپور بھی گزشتہ برس کہہ چکے تھے کہ اگر کورونا نہ آیا ہوتا اور لاک ڈاؤن نافذ نہ ہوا ہوتا وہ شادی سے متعلق فیصلہ کر چکے ہوتے مگر انہوں نے اپنی ممکنہ دلہن کا نام نہیں بتایا تھا۔اس سے قبل بھی رنبیر اور عالیہ مختلف مواقع پر ایک دوسرے کے ساتھ اظہار محبت کر چکے ہیں لیکن دونوں نے واضح طور پر شادی سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا۔دونوں کے درمیان 2017 کے بعد تعلقات کی چہ مگوئیاں ہیں اور ان افواہوں میں 2018 میں دپیکا پڈوکون کی شادی کے بعد تیزی آئی۔دپیکا پڈوکون کی شادی کے بعد رنبیر کپور کی عالیہ بھٹ سے شادی سے متعلق متعدد بار خبریں پھیلیں اور بعض شوبز شخصیات نے یہ عندیہ تک دیا تھا کہ دونوں 2020 میں شادی کرلیں گے لیکن ایسا نہیں ہوسکا اور رواں برس اگست میں لارا دتہ نے کہا تھا کہ دونوں رواں سال کے اختتام تک رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔

 

Related Articles