دیگر ممالک ہندوستان کے اندرونی معاملات سے دور رہیں: نائیڈو
نئی دہلی:نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے ہندوستان کے اندرونی معاملات سے دیگرممالک کو دور رہنے کی صلاح دیتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ جموں و کشمیر سے آئین ہند کی دفعہ 370 کو بے اثر کرنے سے ملک کا اتحاد، سالمیت اور خود مختاری یقینی ہوئی ہے۔
مسٹر نائیڈو نے سابق وزیر خارجہ سشما سوراج کی پہلی برسی کے موقع پر پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے منعقد ’پہلا سشما سوراج میموریل لیکچر‘ میں کہا کہ ہندوستان میں پارلیمانی جمہوریت ہے اور دفعہ 370 کو ہٹانے کا فیصلہ پارلیمنٹ میں تفصیلی غور و خوض کے بعد کیا گیا ہے اور اکثریت نے اس کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کسی بھی ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ دیگر ممالک کو ہندوستان کے کیسز میں دخل دینے کے بجائے اپنے مسائل سے نمٹنا چاہیے۔
نائب صدر نے محترمہ سوراج کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مثالی ہندوستانی خاتون کی علامت تھیں۔ وہ کامیاب ایڈمنسٹریٹرتھیں اور انھیں جن ذمہ داریوں کو سنبھالا ان پر انمٹ چھاپ چھوڑی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ کے طور پر وہ بین الاقوامی محاذ پر ہندوستان کا موقف مضبوطی سے رکھتی تھیں۔ ان کی ہر دلعزیزی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ سات بار لوک سبھا اور تین بار اسمبلی کے لیے منتخب ہوئیں۔
انہوں نے کہا،’کیسا اتفاق ہے، جس پنجاب یونیورسٹی نے ملک کو سشما سوراج جیسا لیڈر دیا‘ مجھے اس یونیورسٹی کے چانسلر ہونے کا فخر حاصل ہوا ہے۔ اسی طرح کے طالب علم سے ہی ادارے کی اہمیت دوبالا ہوتی ہے‘۔