پولیس کی مبینہ پٹائی سے جاں بحق ہونے والے پراپرٹی ڈیلر کے اہل خانہ سے یوگی کی ملاقات انصاف کی یقین دہانی کرائی
کانپور:ستمبر۔ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے گورکھپور میں پولیس کی مبینہ پٹائی سے جاں بحق ہونے والے پراپرٹی ڈیلر کے اہل خانہ سے ملاقاتکر انہیں انصاف کا تیقن دیا ہے۔آفیشیل ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کو ترقیاتی پروجکٹوں کی سوغات دینے کانپور پہنچے یوگی نے پولیس لائن کی جلسہ گاہ میں متوفی پراپرٹی ڈیلر منیش گپتا کی بیوی میناکشی اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کیا اور انہیں انصاف کا تیقن دلایا۔انہوں نے کہا کہ خاطی کسی بھی صورت بخشے نہیں جائیں گے۔ پورے معاملے کی غیر جانبدارنہ جانچ کی جائے گی۔ حکومت کی کوشش ہوگی کی پورا معاملہ فاسٹ ٹریک کورٹ میں چلے تاکہ خاطیوں کو جلد ازجلد ان کے انجام تک پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اس حساس مسئلے پر سیاست کررہا ہے۔ مگر حکومت نظم ونسق بنائے رکھنے اور متاثرہ کنبے کو انصاف دلانے کی سمت میں اپنےفرائض کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہیں برتے گی۔ذرائع کے مطابق متوفی کی بیوی نے وزیر اعلی سے کہا ہے کہ معاملے کی جانچ میں گورکھپور پولیس کو شامل نہ کیا جائے۔قابل ذکر ہے کہ گورکھپور میں رام گڑھ تال علاقے میں ایک ہوٹلمیں پولیس کی مبینہ پٹائی سے منیش گپتا کی موت ہوگئی تھی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں متوفی کےجسم پر چوٹ کے کئی نشانات ملے ہیں۔ اس سلسلے میں رام گڑھ تال کے تھانہ انچارج سمیت چھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔