علما ء کیوں یہ سمجھنا نہیں چاہتے؟

علما کی جانب سے انسدادِ جہیز مہم برسہابرس سے جاری ہے، لیکن کیا وجہ ہے کہ یہ لعنت ہے کہ بڑھتی چلی جارہی ہے،مسلم پرسنل بورڈ، علمائے دیوبند ، اہلِ حدیث اور مختلف سماجی تنظیمیں جہیز کے خلاف جتنے بھی جتن کررہی ہیں، ہم ان کے خلوص سے انکار نہیں کرسکتے۔ لیکن جس طریقے سے یہ لوگ جہیز اورکھانوں کو ختم کرنا چاہتے ہیں، وہ ایک مریض کو جسے سرجری کی فوری ضرورت ہے، بجائے آپریشن کرنے کے ، صرف مرہم پٹّی کے مماثل ہے۔ یہ لوگ نکاح کو آسان کرنے کا نعرہ لگا تو رہے ہیں، لیکن نکاح کو مشکل بنانے والے اوامر کیا ہیں، ان پر غور نہیں کرنا چاہتے ۔بلکہ انہیں جائز کرنے کے لئے خود چور دروازے کھول کر دیتے ہیں۔ منشائے شریعت کو پیشِ نظر رکھنے کے بجائے اکثریت کی سہولت کو رعایت دیتے ہیں۔ مثال کے طور پر:

۱۔ غیرشرعی دعوت کا دعوت نامہ قبول کرنا کیا جائز ہے؟
شریعت کا اصول ہے کہ ہر مسئلہ کا حل پہلے قرآن میں تلاش کریں۔ وہاں نہ ملے تو سنّت میں، اور پھر اس کے بعد صحابہؓ، پھر تابعین ، تبع تابعین وغیرہ کے اقوال میں۔ اگر وہاں بھی نہ ملے تو قیاس یا اجتہاد کا دروازہ کھلا ہے۔ لیکن جس مسئلے کا حل سنّت میں موجود ہے، اس کو نظرانداز کرکے دوسروں سے جواز لانادین سے کھلا انحراف ہے۔ نکاح جو کہ آدھا ایمان ہے، رسول اللہ ﷺ کے گیارہ نکاح جب موجود ہیں، ان سب کو نظر انداز کرکے اگر کوئی ہندوؤانہ رسموں کو اس نکاح میںمباح کہہ کر شامل کرتا ہے ، اور ان خرافات کو جائز کرنے کے لئے تحفہ، ہدیہ، مہمان نوازی، دعوت کو قبول کرنے اور قطع رحمی و صلہ رحمی کی آیتوں یا حدیثوں کی انتہائی غلط تعبیر کر کے جواز پیش کرکے لاکھوں روپیہ بے دردی سے خرچ کرتا ہے، اور ان علما کے فتوے پیش کرتا ہے جو منگنی، شادی اور جہیزسے آلودہ کھانے کی دعوتوں کو خوشی سے دینے کی بنیاد پر جائز قرار دیتے ہیں، کیا ایسی شادی کی دعوت قبول کرنا جائز ہے؟ ایک لفظ میںجواب دیجئے کہ یہ اخلاقی ہے، غیراخلاقی ہے، جائزہے، ناجائز ہے، مکروہ ہے، افضل ہے، کیا ہے؟
جس شادی میں اسراف و تبذیر جیسے حرام کا ارتکاب ہورہا ہو، وہاں علما اور مشائخین کا داخل ہونا بھی غلط ہے۔ حکم تو یہی ہے کہ اگر انہیں جانے کے بعد علم ہو کہ وہاں منکرات کا ارتکاب ہورہا ہو تو علما اور مشائخین واپس پلٹ جائیں۔ صحابہؓ اگر ایسی کوئی دعوت ہوتی تو نہ صرف پلٹ جاتے تھے کہ بلکہ میزبان کو تھپّڑ رسید کرکے آتے۔ ایک طرف جہیز، عالیشان دعوتوں اور دیگر ہندوؤانہ رسموں کو حرام کہنا، لیکن ایسی شادیوں کا دعوت نامہ قبول کرنا، علما کا عام چلن ہے۔ ان کی وجہ سے عوام کو یہ پروانہ مل جاتا ہے کہ ایسی شادیوں میں شرکت کرنے میں کوئی برائی نہیں ۔
ابھی حال ہی میں مولانا طارق جمیل صاحب نے ایک انتہائی غلط مثال قائم کی۔ پاکستان کے ایک امبانی کی بیٹی کی شادی میں جہاں کروڑوں کا اسراف ہوا،اس میں مولانا کا شرکت کرنا، تقریر کرنا، ایک بدترین بدعت کو جائز کرنے کی جسارت تھی۔ انہی مولانا کو آئیڈیل سمجھنے والے وجئے واڑہ کے ایک عالم اور مفتی جو قاسمی بھی ہیں، کروڑپتی ہیں، انہوں نے پچھلے ہفتہ اپنی بیٹی کی شادی پر ہزاروں کا مجمع جمع کیا، جن میں کئی سرکاری عہدے داروں اور پولیس آفیسرز کے ساتھ ساتھ مولانا عبدالخالق مدراسی نائب امیر دارلعلوم دیوبندکی سطح کے بڑے علمائے دیوبند، ذمہ دارانِ مسلم پرسنل لابورڈ جن کی نکاح کو آسان کرنے کے موضوع پر شاندار تقریریں موجود ہیں، وہ تمام جہاز سے بلوائے گئے اور فائیواسٹار ہوٹلوںمیں ٹھہرائے گئے،جب کچھ دردمند نوجوان علما نے انہیں فون کرکے توجہ دلائی کہ لڑکی کا باپ کا اس طرح فضول خرچی کرنا غلط ہے تو جواب میں مفتی قاسمی صاحب نے کروڑوں روپئے کی ایسی دعوت کے جائز ہونے کے حق میں قرآن یا حدیث سے کوئی دلیل دینے کے بجائے، سوال کرنے والوں کو انتہائی فحش گالیوں کے ساتھ دھمکی دی کہ وہ کمشنر سے کہہ کر ان کے خلاف ہتک ِ عزت کا دعویٰ دائر کردیں گے۔ کچھ نوجوانوں نے ان کی مغلظات سے پُر جاہلانہ گفتگو کو ریکارڈ کرکے سوشیل میڈیا پر پھیلادی۔ یہ تو اب بھی اپنی ضد پر اڑے ہوئے ہیںکہ جو کچھ کیا بالکل شریعت کے مطابق ہی کیا، لیکن ان کی ریکارڈنگ کی وجہ سے تمام علما، اکابرین، دیوبند اور بالخصوص تبلیغی جماعت کا وقار جو خاک میں ملا ہے، انہیں اس کا احساس نہیں۔ سوال تو ان تمام علما سے ہے جو ایک طرف نکاح کو آسان کرنے کی تقریریں فرماتے ہیں، لیکن ایسی دعوتوں کا رقعہ اور چیک ملتے ہی دوڑ کر شرکت کرتے ہیں۔ سالانہ چندوں کی آس میں یہ لوگ یہ سوال نہیں کرسکتے کہ ایسی شادیاں نہ صرف مسلم پرسنل لا بورڈ کی تحریک کے خلاف ہے بلکہ عام انسانوں پر اس کے بہت برے اثرات پڑتے ہیں۔ اسی کی وجہ سے لوگ گھر بیچنے، سود پر پیسہ لانے، یاپھر خیرات اور چندے مانگنے پر مجبور ہوتے ہیں۔انہی مفتی قاسمی صاحب کے سمدھی جو محبوب نگر ،تلنگانہ کے علما میں سب سے بڑا مقام رکھتے ہیں، انہوں نے بھی کئی ڈِ ش پر مشتمل عالیشان ولیمہ دیا۔ خیر یہ کسی ایک علاقہ کا واقعہ نہیں ہے بلکہ پورے ہندوستان میں علما کا یہی چلن ہے۔ اور یہ کسی ایک مسلک کا بھی رونا نہیں، ہر مسلک چاہے وہ بریلوی ہوں، دیوبندی ہوں کہ اہلِ حدیث یا شیعہ ہوں۔ اس جرم میں تمام برابر کے شریک ہیں۔ ہاں کچھ علمائے حق ہر مسلک میں ہیں جو اس لعنت کے خلاف جو کچھ بن پڑے کررہے ہیں۔پورے ہندوستان کے جتنے بڑے مدرسے ہیں، ان کے ذمہ دار ایسی دعوتوں کو فروغ دینے میں آگے آگے ہیں۔
بہرحال، علما یہ فرمائیں کہ کیا ایسی شادیوں کا رقعہ قبول کرنا جائز ہے جن شادیوں میں اللہ کے نبی ﷺ کی سنت کو نظرانداز کرکے مہارانی جودھا بائی یا رامچندجی اور سیتا کی شادیوں کی رسموں کو جائز کرلیا جاتا ہے؟بعض علما کا یہ کہنا کہ شرکت نہیں کرنی چاہئے ، ہاں؛ صرف نکاح کی محفل میں یا ولیمہ میں شرکت کی جاسکتی ہے۔ یہ تو اور بھی بڑا فتنہ ہے۔ شادی کی دس تقریبات میں سے ایک میں شرکت کرلینا بھی پوری شادی کو معتبر بنادینا ہے۔
۲۔ شادی کے دن کا کھانا
شائد شمالی ہندوستان میں کھانوں اور بڑے بڑے شادی خانوںکا چلن زیادہ نہیں ہے، وہاں ہنڈا اور جہیز بہت زیادہ ہے۔ لیکن جنوبی ہندوستان میں لوگ کھانوں کے لئے مرجاتے ہیں۔ جہیز تو دو چار لاکھ کا ہوتا ہے ، لیکن منگنی، سانچق، شادی کے دن کا کھانا اور دیگر رسموں میں لڑکی والوں کی طرف سے جو کھانے کہیں بطور رسم اور کہیں بطور ڈیمانڈ لئے جاتے ہیں، وہ کئی کئی لاکھ کے ہوجاتے ہیں۔جن کی وجہ سے غیراخلاقی کمائی ناگزیر ہوجاتی ہے۔ علما سے سوال یہ ہے کہ اِس فتنہ پرور بدعت کو جو دورِ رسالت میں موجود تھی ہی نہیں، کیا اس دور میں کوئی خوشی سے دینے کے نام پر جائز کررہا ہے تو یہ حلال ہے؟ حرام ہے؟ جائز ہے؟ ناجائز ہے؟ اگر آپ اسے غلط قرار دیتے ہیں لیکن دعوت قبول کرنے کو جائز قرار دیتے ہیں، تو کیا آپ ایک غلط کو جائز کرنے کا چور دروازہ کھول کر نہیں دے رہے ہیں؟اگر ایسی شادیوں میں شرکت کی اجازت ہے تو پھر ایسی شادیوں کا رکنا ناممکن ہے۔اگر علما نکاح کو واقعی آسان بنانا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے اِن کھانوںکی دعوت پر شرعی نقطہ نظر پیش کریں۔ اور جائز یا ناجائز کا ایک لفظ میں فیصلہ سنائیں۔
۳۔ جہیز
جہاں علما فقہی مسائل میں قرآن یا سیرت سے استنباط کرتے ہیں، استنباط کے یہی اصول جہیز کے معاملے میں کیوں نہیں روا رکھتے؟ جن چیزوں کو لوگ جہیزِ فاطمی کہہ کر جہیز کے جائز ہونے کا فتویٰ لاتے ہیں، وہ لوگ جہیز کی قیمت کیا تھی یہ کیوں نہیں سوچتے۔ اس جہیز کی قیمت بمشکل پچاس دینار تھی، جبکہ حضرت علی ؓ کا اڈوانش میں دیا ہوا مہر چار سو دینار تھا۔ اب فقہا یہ استنباط کیوں نہیں کرنا چاہتے کہ جہیز کو مہر کی رقم کا دس فیصد ہونا چاہئے۔ اصل وجہ یہ ہے علما نے اجماع، قیاس یا اجتہاد کے دروازے بند کرڈالے ہیں۔ مسائل کو کئی سو سال پہلے لکھی گئی اس فقہ میں تلاش کرتے ہیں جب نہ لڑکیوں سے کھانا یا جہیز لینے کا رواج تھا، نہ جوڑے کی رقم کا نہ منگنی کا۔ لہذا اُس دور کے علما یا ائمہ نے اگر کسی باپ کو خوشی سے مہمان نوازی کی اجازت دے دی تو آج کے علما اسی کو وحی کا درجہ دیتے ہیں اور پوری امت کو اجازت دیتے ہیں کہ لڑکی والوں کو جیسا چاہے لوٹیں۔ لڑکیوں کے باپ استطاعت رکھتے ہیں یا نہیں،یہ علما یا قاضیوں کا مسئلہ نہیں۔ چاہے لڑکیاں بغاوت کریں، چاہے قوم غربت و افلاس کا شکار ہوکر بے شمار برائیوں میں مبتلا ہوجائے۔
۴۔ جیری لین دین
مسلم پرسنل لا بورڈ کے لٹریچر میں توجہ دلانے کے باوجود جبری لین دین کا الفاظ استعمال ہورہے ہیں، گویا جہیز دو قسم کا ہوتا ہے۔ ایک جبری، دوسرا خوشی سے۔ پہلے علما طئے کریں کہ عہدِ حاضر میں جہیز کی تھوڑی سی گنجائش کیا نکالی جاسکتی ہے، چاہے وہ خوشی سے ہو یا ڈیمانڈ سے؟ ہرگز نہیں۔ اگر پتہ چل جائے کہ کسی لڑکی کا باپ جہیز نہیں دے سکتا تو لوگ اس کے گھر رشتہ ہی نہیں بھیجتے۔ مسلم پرسنل لا بورڈ صرف جبری لین دین کو نہیں بلکہ نفس لین دین ہی کی شرعی اور اخلاقی حیثیت طئے کرے کہ فی زمانہ یہ جائز ہے؟ ناجائز ہے؟ حلال ہے؟ حرام ہے؟ بھیک ہے؟ فتنہ ہے؟ بلیک میل ہے یا کیا ہے۔
کئی علما اور دانشوروں نے ہماری ان باتوں کو شدّت پسندی فرمایا۔ حالانکہ شدت پسندی تو وہ لوگ کررہے ہیں جن کو اس دور میں سنّت کے مطابق شادیاں کرنے میں بے انتہا احساسِ کمتری بلکہ ذلّت محسوس ہوتی ہے۔ یہ لوگ رسول اللہ کی شادی کے ماڈل پر، اپنے رشتہ داروںکی شادیوں کے ماڈل کو ترجیح دیتے ہیں، اور اپنے رشتہ داروں سے مقابلہ آرائی کرتے ہیں۔ علما یہ کیوں نہیں سمجھتے کہ اسلام نے جہاں احکامات دیئے، نافرمانی کی صورت میں تعزیر بھی مقرر کی۔ اگر بچہ دس سال کے بعد نماز نہ پڑھے تو چھڑی اٹھانے کا حکم ہے۔شرابیوں کو کوڑوں کی سزا ہے۔ بیوی اگر سمجھانے کے باوجود نافرمانی اور سرکشی کرے تو بستر الگ کرنا اور پھر مارنا بھی ہے۔اور ایسی بے شمار سزائیں ہیں جو تنبیہ کے طور پر شریعت نے مقرر کی ہیں۔ کیا یہ بھی شدّت پسندی ہے؟ انہی احکامات سے استنباط کیا جاسکتا ہے۔ اور نکاح جیسی اہم ترین سنت کو بدل دینے والے پر اس دور میں کوڑے کی سزا مقرر نہیں کی جاسکتی لیکن کم سے کم سزا یہی ہے کہ پہلے ایسی دعوتوں کا رقعہ قبول کرنے کو ناجائز قرار دیا جائے۔ شادیوں کا بائیکاٹ کیا جائے،
مدرسوں کے نصاب میں تبدیلی کی سخت ضرورت ہے۔ نکاح کو آسان بنانے کے لئے نکاح کو مشکل بنانے والے کاموں کی شرعی حیثیت کیا ہے یہ پڑھایا جائے۔اس لعنت کو ختم کرنے کا کام آیا جہاد ہے؟ یا امر بالمعروف ہے؟ دعوت و تبلیغ کا حصہ ہے؟ یا صرف ایک مستحب ہے ، کیا ہے اس پر ان سے ریسرچ کروائی جائے۔
ہم کو کیرالا کی کمیونسٹ حکومت سے یہ سبق سیکھنے کی ضرورت ہیکہ اس نے اسلام کے حکم کو نافذ کرکے ایک مثالی قدم اٹھایا۔ تمام گورنمنٹ ملازمین اور گریجویٹس کو پابند کردیا کہ کہ کبھی جہیز نہ لینے کے عہدنامے پر دستخط کریں ورنہ انہیں نوکری اور ڈگری دونوں سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔ ہر مدرسہ یہ عہد لے کہ کوئی سند اس وقت تک نہیں ملے گی جب تک طلبا اُن دعوتوں میں ہرگز شرکت نہیں کرنے کا عہد نہیں کرینگے جن میں منگنی، بارات، جہیز، ہنڈا یا کسی بھی قسم کی غیرشرعی رسم ہوگی۔ عہد کرکے بھی اگر کوئی حافظ یا عالم ایسی منکرات کا ارتکاب کرے گا تو اسے کسی مدرسے میں نہ استاد رکھا جائیگا، نہ تراویح اس کے پیچھے پڑھی جائیگی۔ اور خود لوگ بھی مدرسوں کو چندہ دینے سے پہلے یہ چیک کریں کہ اس مدرسے کے ذمہ دار کہاں تک جہیز اور کھانوں کے لین دین میں ملوّث ہیں۔ اور مسجد کی انتظامی کمیٹیاں بھی ایسے امام، خطیب کو ہرگز ملازمت نہ دیں، اوردعوتی اجتماعات میں شرکت کے شوقین لوگ بھی ایسے کسی اجتماع میں شرکت نہ کریں جس میں درس یا وعظ کرنے والے عالم یا مشائخ کے گھروں میں جہیز کا کاروبار ہوچکا ہو۔

ڈاکٹر علیم خان فلکی
صدر سوشیوریفارمس سوسائٹی، حیدرآباد

Related Articles