وہ نوجوان جس نے میوزیم میں موجود ایک لاکھ 20 ہزار ڈالرز کا کیلا کھا لیا
سیول،مئی۔اگر دیوار پر ٹیپ سے کسی کیلے کو چپکایا جائے تو آپ کیا کریں گے؟جنوبی کوریا میں تو ایک نوجوان طالبعلم نے ایسے ایک کیلے کو کھا لیا جو ایک آرٹ پیس کا حصہ تھا جس کی قیمت ایک لاکھ 20 ہزار ڈالرز (3 کروڑ 40 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) تھی۔ ہاں واقعی گزشتہ دنوں سیئول نیشنل یونیورسٹی کے ایک طالبعلم نے اطالوی آرٹسٹ Cattelan Maurizio کے اس فن پارے کو کھا لیا۔یہ کیلا سیئول کے لیوم میوزیم آف آرٹ میں موجود تھا جہاں اسے ایک دیوار سے ٹیپ کے ذریعے چپکایا گیا تھا۔میوزیم کے ترجمان کے مطابق اس طالبعلم کا کہنا تھا کہ اس نے ناشتہ نہیں کیا تھا اور بھوک لگنے کے باعث کیلے کو کھا لیا۔اس کیلے یا آرٹ پیس کو کامیڈین کا نام دیا گیا تھا جو دسمبر 2019 میں امریکا کے ایک نیلام گھر میں ایک لاکھ 20 ہزار ڈالرز میں فروخت ہوا تھا۔کیلے کو کھانے کے بعد اس طالبعلم نے چھلکے کو واپس دیوار پر ٹیپ سے چپکا دیا، جسے بعد میں میوزیم کی انتظامیہ نے ایک کیلے سے بدل دیا۔انتظامیہ کے مطابق یہ واقعہ اچانک پیش آیا تھا تو اس لیے طالبعلم کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، جبکہ آرٹسٹ کو آگاہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ویسے یہ کیلا کئی برس پرانا نہیں بلکہ اسے ہر 2 یا 3 دن بعد نئے کیلے سے بدل دیا جاتا ہے تاکہ وہ خراب نہ ہو۔