ہندوستان آفات کے خطرے کو کم کرنے میں مہارت کا اشتراک کرنے کے لیے تیار: شاہ
نئی دہلی، اپریل۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ ہندوستان آفات کے خطرے میں کمی لانے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے درمیان زیادہ تعاون اور باہمی اعتماد کے لیے اس شعبے میں اپنے مہارت اور تجربہ بانٹنے کے لیے تیار ہیں۔مسٹرشاہ نے جمعرات کو یہاں ایس سی او کے رکن ممالک کے ہنگامی حالات کے حل اور روک تھام کے ذمہ دار محکموں کے سربراہان کی میٹنگ کی صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان مانتا ہے کہ کوئی خطرہ چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا اور ہندوستان ہر آفت کی صورتحال میں آگے بڑھ کر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ”ہندوستان کے پاس اب درست اور بروقت پیشگی وارننگ سسٹم م موجود ہیں اور ہندوستان نے جس طرح سے تمام موسم سے متعلق آفات جیسے خشک سالی، سیلاب، بجلی گرنا، ہیٹ ویو، سردی کی لہر، سمندری طوفان کے ارلی وارننگ سسٹم میں بہتر ی کی ہے،اس سے ملک میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔“انہوں نے کہا کہ’ارلی وارننگ سسٹم‘نہ صرف آفت کے بارے میں پیشگی وارننگ فراہم کرتا ہے بلکہ اس کے ممکنہ اثرات کا بھی پتہ چلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے وقت اس بات کی بہت اہمیت ہوتی ہے کہ متاثرہ جگہ پر امداد کتنی تیزی سے پہنچائی گئی ہے اور ٹیم کی تیاری اور تربیت کا لیول کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ ہر جان، خاندان اور ذریعہ معاش انمول ہوتے ہیں اور انہیں آفات سے بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا، ”ارلی وارننگ سسٹم‘ کے بارے میں ہندوستان کا نقطہ نظر لوگوں کی حفاظت پر مبنی ہے اور ہم یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ہمارے پیشن گوئی نظام اور وارننگ سسٹم نہ صرف سائنسی طور پر جدید ہو، بلکہ انتباہ اس طرح ہو کہ عام لوگوں کو آسانی سے سمجھ آجا ئے، ان کے لئے مفید اور قابل عمل ہو۔