سی بی آئی کے سوالات کا ایمانداری سے جواب دوں گا: کیجریوال
نئی دہلی، اپریل۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے، اس لیے وہ سی بی آئی کے تمام سوالات کا ایمانداری اور سچائی سے جواب دیں گے۔مسٹر کیجریوال نے آج ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سی بی آئی نے طلب کیا ہے۔ میں ان کے تمام سوالات کا جواب پوری ایمانداری اور سچائی کے ساتھ دوں گا۔ جب کوئی غلط کام نہیں کیا تو پھر چھپنا کیا ہے؟ یہ لوگ بہت طاقتور ہیں، کسی کو بھی جیل بھیج سکتے ہیں۔ کسی نے جرم کیا ہے یا نہیں؟ کوئی فرق نہیں پڑتا، بی جے پی لیڈر کل سے ہی شور مچا رہے ہیں کہ وہ کیجریوال کو گرفتار کر لیں گے۔ شاید بی جے پی نے سی بی آئی کو کیجریوال کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو اقتدار کا بہت گھمنڈہوگیاہے۔ پاور کا نشہ ہوگیا ہے۔ یہ کسی کو کچھ نہیں سمجھتے ۔ کسی کو بھی دھمکی دیتے رہتے ہیں۔ جج، صحافی، لیڈر، تاجر، صنعت کار سب کو دھمکیاں دیتے رہتے ہیں کہ ہماری بات مانو، ورنہ جیل میں ڈال دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ملک سے بہت پیار کرتے ہیں اور اپنے ملک کے لیے جان بھی دے سکتے ہیں۔مسٹرکیجریوال نے کہا کہ وہ دس سال پہلے سیاست میں آئے ۔ پہلے وہ سوچتے تھے کہ ہمارا ملک اتنا پسماندہ کیوں ہے، ہمارے لوگ اتنے غریب کیوں ہیں، لوگ ناخواندہ کیوں ہیں، آزادی کے 75 سال بعد بھی نوجوان بے روزگار کیوں ہیں؟ اب معلوم ہوا کہ ایسا کیوں ہے؟ کیونکہ ہمارے لیڈروں کو عوام کی کوئی پروا نہیں۔ ہمارے لیڈروں کو صرف 24 گھنٹے گندی سیاست کرنی ہے، وہ صرف 24 گھنٹے جیل بھیجنے کی دھمکیاں دیتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں آنے سے پہلے وہ محکمہ انکم ٹیکس میں کام کرتے تھے۔ وہ چاہتےتو کروڑوں روپے کما لیتے۔ اس کام کو چھوڑ کر انہوں نے کئی سال تک دہلی کی جھگی بستیوں میں کام کیا۔جھگیاں ہی میرا گھر ہوتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سی بی آئی-ای ڈی 100مرتبہ بلائی گی، تو ہربار جاوں گا۔ آپ ہم ہندوستان کے عوام کو پریشان کر سکتے ہیں لیکن اب آپ ہندوستان کو نہیں روک سکیں گے۔ ہندوستان دنیا کا نمبر 1 ملک بن کررہے گا۔