سلمان سے وعدہ کرکے انکی جگہ کس دوسرے اداکار کو ایوارڈ دیا گیا؟ دبنگ خان نے خود بتادیا

ممبئی،اپریل۔بالی وڈ میں دبنگ خان کے نام سے مشہور سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں ان کی سپر ہٹ فلم ‘میں نے پیار کیا’ کے لیے ان سے بہترین اداکار کا ایوارڈ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا جو پورا نہیں ہوا۔بدھ کے روز ممبئی میں 68 ویں فلم فیئر ایوارڈز کے حوالے سے ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران سلمان خان نیا نکشاف کیا کہ فلم فیئر کی ٹیم نے ان سے وعدہ کیا کہ بہترین اداکار کا ایوارڈ انہیں دیا جائے گا اور انہیں ایوارڈز کی تقریب میں آنے کا دعوت نامہ دیا گیا۔اداکار نے پریس کانفرنس میں کہا ‘مجھے ایوارڈز میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، میں کبھی ایوارڈ نہیں جیت پاتا، میں انعام میں دلچسپی رکھتا ہوں جو میرے مداح مجھے پیار اور عزت کی صورت میں دیتے ہیں’۔اداکار نے بتایا ‘میں ایڈیٹر کا نام نہیں لوں گا لیکن یہ واقعہ فلم میں نے پیار کیا کے بعد پیش آیا تو آپ اندازہ لگالیں کہ کون ہوگا، مجھ سے وعدہ کیا گیا کہ آپ کو ایوارڈ دیا جائے گا، میں اپنے والد اور پورے خاندان کے ساتھ تقریب میں گیا’۔سلمان خان نے مزید کہا کہ پھر نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا، اس کے بعد جب بہترین اداکار کو بلانے کا وقت آیا تو میں کھڑا ہونے لگا، اتنے میں میری جگہ جیکی شروف کو ایوارڈ دے دیا گیا’۔انہوں نے کہا ‘میرے والد بولے یہ کیا ہے؟ مجھے اس رات اسٹیج پر پرفارم بھی کرنا تھا، میں بیک اسٹیج گیا اور ایڈیٹر سے کہا کہ یہ کیا طریقہ ہے، میں یہ نہیں کروں گا جس پر اس نے کہا آپ کو پرفارم کرنا پڑے گا، جس پر میں نے کہا نہیں میں پرفارم نہیں کروں گا’۔سلمان نے انکشاف کیا کہ ایڈیٹر نے مجھے پیسوں کی پیشکش کی اور کہا کہ میں تمہیں پیسے دوں گا۔اداکار نے بتایا کہ پھر میں نے پانچ گنا زیادہ پیسے لیے۔

Related Articles