ہندو دیوی کے مجسمہ والا لاکٹ پہن کر ریمپ واک پر تاپسی پنو کے خلاف مقدمہ درج
ممبئی،مارچ۔بالی ووڈ کی معروف اداکارہ تاپسی پنو کے خلاف مبینہ مذہبی جذبات مجروح کرنے کے حوالے سے مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے چھاتری پورہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔ایکلاویا سنگھ گور نامی شخص کی جانب سے درج کروائے گئے مقدمہ میں کہا گیا کہ اداکارہ نے مختصر اور بیہودہ لباس میں ہندو دیوی کے مجسمے والا ہار پہنا۔ شکایت کنندہ نے دعویٰ کیا کہ تاپسی پنو نے بے ہودہ لباس میں یہ نیکلس پہنا، اس نیکلس میں ہندو لکشمی دیوی کا طلائی مجسمہ فٹ ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ بالا شخص اس سے قبل بھی مذہبی جذبات مجروح کرنے کا ایک مقدمہ معروف کامیڈین منور فاروقی کے خلاف بھی ان کے اندور میں ہونے والے شو کے حوالے سے درج کرواچکا ہے۔ مقامی تھانیدار نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کے بیٹے ایکلاویا سنگھ گور نے یہ کیس درج کروایا ہے اور کہا کہ تاپسی نے 12 مارچ کو ممبئی میں منعقدہ لکمے فیشن شو ویک کے موقع پر ریمپ پر واک کے دوران لکشمی دیوی والا لاکٹ مختصر لباس کے ساتھ پہن کر مذہبی جذبات مجروح کیے۔