خودکشی کرنے والے سشانت سنگھ کا مجسمہ میوزیم میں سجا دیا گیا
مغربی بنگال، رواں برس 14 جون کو بظاہر ڈپریشن کے باعث خودکشی کرنے والے بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کا موم سے بنایا گیا مجسمہ ان کی موت کے تین ماہ بعد میوزیم میں سجا دیا گیا۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت کا دراز قد بنایا گیا مومی مجسمہ مغربی بنگال کے میوزیم میں سجایا گیا۔سشانت سنگھ راجپوت کا مجسمہ مغربی بنگال کے شہر آسنسول میں موجود مقامی میوزیم میں سجایا گیا، جہاں پہلے ہی بولی وڈ اسٹارز، کھلاڑیوں، سیاستدانوں اور معروف شخصیات کے مجسمے موجود ہیں۔سشانت سنگھ راجپوت کا مجسمہ ،مجسمہ ساز سسانتا رے نے بنایا، جو اس سے قبل امیتابھ بچن، ویرات کوہلی اور شاہ رخ خان جیسی شخصیات کے مجسمے تیار کرکے مذکورہ میوزیم میں سجا چکے ہیں۔سشانت سنگھ راجپوت کے مومی مجسمے کو میوزیم میں رکھے جانے کے بعد ہزاروں مداحوں نے میوزیم کا رخ کیا، جب کہ مجسمہ ساز نے اداکار کے مجسمے کو نصب کرنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی۔سشانت سنگھ راجپوت کا مومی مجسمہ بھارت کے مقامی میوزیم میں ایک ایسے وقت میں سجایا گیا ہے جب کہ شائقین نے ایک ہفتہ قبل ہی ان کا مومی مجسمہ لندن کے معروف مادام تساؤ میوزیم میں سجانے کا مطالبہ کیا تھا۔سشانت سنگھ راجپوت کے مجسمے کو سجانے کے لیے چینج آرگنائیزیشن پر شروع کی گئی آن لائن پٹیشن پر 18 ستمبر کی سہ پہر تک سوا دو لاکھ افراد نے دستخط کرلیے تھے۔آن لائن پٹیشن میں مادام تساؤ میوزیم کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ باصلاحیت اور نوجوان اداکار کا مجسمہ میوزیم کی زینت بنایا جائے۔ساتھ ہی پٹیشن میں سشانت سنگھ راجپوت کے فلمی سفر کو بھی دنیا کے سامنے لایا گیا تھا۔خیال رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے کیس کی تفتیش اس وقت سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کر رہی ہے۔سی بی آئی نے مذکورہ کیس کی تفتیش گزشتہ ماہ اگست کے وسط میں شروع کی تھی، اس سے قبل ممبئی پولیس نے حادثاتی موت کے طور پر اداکار کی خودکشی کی تفتیش کی تھی۔اگرچہ بظاہر اداکار نے خودکشی کی تھی، تاہم زیادہ تر بھارتی افراد اور ان کے اہل خانہ کا ماننا ہیکہ انہیں خودکشی کرنیپر مجبور کیا گیا۔سشانت سنگھ کو خودکشی پر مجبور کرنے اور انہیں بلیک میل کرنے کے زیادہ تر الزامات ان کی سابق گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکربورتی کے خلاف لگائے جا رہے ہیں۔جن سے سی بی آئی نے تفتیش کی تو انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ سشانت سنگھ راجپوت منشیات کا استعمال کرتے تھے اور وہ ان کے لیے منشیات کا بندوبست کرتی تھیں۔سشانت سنگھ کیس میں منشیات کا معاملہ آنے پر سی بی آئی نے نارکوٹکس بیورو کو معاملے کی تفتیش کا حکم دیا تھا، جس نے ریا چکربورتی سے تین دن تک مسلسل تفتیش کی اور بعد ازاں انہیں 9 ستمبر کو گرفتار کرکے ممبئی کی جیل بھیج دیا۔