کمنز تیسرے ٹیسٹ کے لیے ہندوستان واپس نہیں لوٹیں گے
نئی دہلی/سڈنی، فروری۔نائب کپتان اسٹیو اسمتھ اگلے ہفتے اندور میں شروع ہونے والے تیسرے ٹسٹ میں آسٹریلیا کی قیادت کریں گے جب کہ کپتان پیٹ کمنز خاندانی وجوہات کی وجہ سے ہندوستان واپس نہیں آسکیں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے جمعہ کو یہ اعلان کیا۔واضح رہے کہ کمنز اپنی والدہ کی خرابی صحت کے باعث دوسرے ٹیسٹ کے اختتام کے بعد آسٹریلیا لوٹ گئے تھے۔ کمنز کو یکم مارچ سے شروع ہونے والے بارڈر-گاوسکر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ سے پہلے ہندوستان واپس آنا تھا، لیکن اب انہوں نے اس کے برعکس فیصلہ کیا ہے۔سی اے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کمنز نے کہاکہ میں نے فی الحال ہندوستان واپس نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ میں یہاں اپنے خاندان کے ساتھ بالکل ٹھیک ہوں۔ میں کرکٹ آسٹریلیا اور اپنے ساتھیوں کی جانب سے ملی حمایت کے لئے ان کا شکرگذار ہوں۔ مجھے سمجھنے کے لئے آپ کا شکریہ۔سی اے نے کہا کہ چوتھے ٹیسٹ سے پہلے ہی کمنز کے لیے ٹیم کے دروازے کھلے ہیں۔ اگر وہ احمد آباد میں 9 مارچ سے شروع ہونے والے چوتھے ٹیسٹ سے پہلے ہندوستان واپس نہیں آتے ہیں تو اسمتھ دونوں میچوں میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔ آسٹریلیا تیز رفتار حملے کی قیادت کے لیے مچل اسٹارک کو شامل کرنے پر غور کر سکتا ہے، جو انگلی کی انجری سے تقریباً واپس آچکے ہیں۔واضح رہے کہ اسمتھ دبئی میں چار دن اپنی اہلیہ کے ساتھ گزارنے کے بعد جمعرات کی شام یہاں دہلی میں ٹیم میں شامل ہوئے، جہاں انہیں اطلاع ملی کہ کمنز واپس نہیں آئیں گےاسمتھ 2021 میں نائب کپتان کی ذمہ داری ملنے کے بعد تیسری بار کینگروز کی قیادت سنبھالیں گے۔ اس سے قبل وہ 2014 سے 2018 کے درمیان 34 ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلیا کی کپتانی کر چکے ہیں۔ انہوں نے 2017 میں آسٹریلیا کے ہندوستان کے دورے پر ٹیم کی کپتانی کرتے ہوئے تین سنچریاں بھی بنائیں۔تاہم اس ٹور پر اسمتھ کا بلا خاموش رہا ہے۔ انہوں نے اب تک چار اننگز میں 23.66 کی اوسط سے صرف 71 رنز کا اضافہ کیا ہے کیونکہ دونوں میچوں میں آسٹریلیا کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔میزبان ہندوستان نے چار میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔ اگر روہت کی ٹیم اندور ٹیسٹ جیت جاتی ہے تو وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔