دادا صاحب فلم فیسٹیول میں کشمیر فائلز کو بہترین فلم کا ایوارڈ

ممبئی، فروری ۔داداصاحب پھالکے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایوارڈ 2023 میں فلم دی کشمیر فائلز کو اعلیٰ اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ہدایتکار وویک اگنی ہوتری کی اس فلم کو ایوارڈ تقریب میں بہترین فلم کے طور پر اعزاز سے نوازا گیا۔ایوارڈ جیتنے کے بعد اگنی ہوتری نے اسے دہشت گردی سے متاثرہ تمام لوگوں کو وقف کیا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ یہ ایوارڈ دہشت گردی سے متاثرہ تمام لوگوں اور ملک کے لوگوں کے آشیرواد کے لئے وقف ہے۔اس کے علاوہ ، اداکار انوپم کھیر، رنبیر کپور، ورون دھون، رشبھ شیٹی اور اداکارہ ریکھا سمیت بہت سارے لوگوں نے بھی ایوارڈ جیتا۔ ایس ایس راجامولی کی آر آر آر کو سال کی بہترین فلم کے طور پر اعزاز سے نوازا گیا۔ میگا اسٹار جونیئر این ٹی آر اور رام چرن نے فلم میں مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔کنڑ اداکار رشبھ شیٹی نے کنتارا کے لیے موسٹ پرامسنگ اداکار کا ایوارڈ جیتا، جبکہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کو گنگوبائی کاٹھیاواڑی اور برہماسترا پارٹ ون – شیوا میں ان کی پرفارمنس کے لیے بہترین اداکارہ اور بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔ورون دھون نے فلم بھیڑیا کے لیے کریٹکس بیسٹ ایکٹر کا ایوارڈ جیتا، جبکہ انوپم کھیر نے دی کشمیر فائلز میں اپنی اداکاری کے لیے موسٹ ورسٹائل ایکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا۔لیجنڈ اداکارہ ریکھا کو فلم انڈسٹری میں ان کی شاندار خدمات پر اعزاز سے نوازا گیا۔

Related Articles