تلنگانہ کے ہنمکنڈہ میں سابق آئی اے ایس اے مرلی گرفتار
حیدرآباد,جنوری۔پولیس نے سابق آئی اے ایس و کنوینرسوشیل ڈیموکریٹک فورم (ایس ڈی ایف)اے مرلی اور فورم کے معاون کنوینر ڈاکٹر پرتھوی راج کو منگل کی صبح کی اولین ساعتوں میں گرفتار کرلیا۔ایس ڈی ایف کی جانب سے سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر پوسٹ کردہ پیام کے مطابق یہ دونوں امبیڈکرکالونی، ہنمکنڈہ میں ایک جھونپڑی میں سورہے تھے کہ پولیس نے ان کو حراست میں لے کر صوبیداری پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ ایس ڈی ایف نے کہا کہ یہ دونوں امبیڈکر کالونی میں تعمیر کردہ ڈبل بیڈروم مکانات عوام کے حوالے کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے مقامی عوام کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ایس ڈی ایف نے ان گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال پہلے 540ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کی گئی تاہم حکومت نے غریبوں کیلئے یہ مکانات الاٹ نہیں کئے جو مکانات نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔مرلی اور ان کے ساتھیوں نے مقامی افراد کے ساتھ مل کر بھوپال پلی ٹاون میں پیر کو احتجاج کیا تھا اور غریبوں کیلئے یہ مکانات الاٹ کرنے کامطالبہ کیا تھا۔