کلنٹ ایسٹ ووڈ کی فلم کا سیٹ ایک کروڑ 88 لاکھ ڈالر میں فروخت کیلئے پیش

لاس اینجلس،نومبر۔ہالی ووڈ اداکار کلنٹ ایسٹ ووڈ کی فلم ’Unforgiven‘ کیلئے تیار کیا گیا سیٹ ایک کروڑ 88 لاکھ ڈالر میں فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔1992 میں تیار کردہ یہ سیٹ ’بگ وسکی‘ نام کا فرضی شہر ہے، اس فلم میں مورگن فری مین، جین ہیک مین اور رچرڈ ہیرس بھی شامل تھے۔گو کہ فلم میں امریکا کا علاقہ دکھایا گیا ہے لیکن دراصل یہ سیٹ کینیڈا میں تیار کیا گیا تھا۔سیٹ کے ساتھ ہی ایک فیملی کی وسیع رقبے پر کوٹھی تھی جنہوں نے یہ پورا سیٹ خرید لیا تھا۔کیلگری سے آدھے گھنٹے کے فاصلے پر فلم سیٹ ہے جسے مذکورہ فیملی نے دوبارہ تعمیر کیا۔یہاں 5 کمرے، 11 باتھ روم، 7 آتش دان اور ایک بڑا ڈائننگ روم ہے، 6 مہمان خانے بھی ہیں جن میں خوبصورت اور جدید 17 پرتعیش کمرے ہیں۔فلم سیٹ میں تعمیر کی گئی عمارتیں بھی فرضی تھیں جن میں زیادہ تر کی بیرونی دیواریں تھیں تاکہ کیمرے میں ریکارڈ ہوسکیں۔لیکن کوٹھی مالکان نے ان تمام عمارتوں کو قابل استعمال بنانے کے لیے مکمل کروایا اور اب وہ اسے 1 کروڑ 88 لاکھ ڈالر میں فروخت کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ ‘Unforgiven’ نے 1993 میں چار آسکر ایوارڈ جیتے تھے، اس کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر بھی کلنٹ ایسٹ ووڈ تھے۔

 

Related Articles