دیوالی سے پہلے قتل کر دونگا، شہناز گل کے والد کو جان سے مارنے کی دھمکیاں

ممبئی،اکتوبر۔معروف بھارتی اداکارہ اور بگ باس سیزن 13 کی امیدوار شہناز گل کے والد سنتوش سنگھ سوکھی گل کو قتل کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شہناز گل کے والد کو ٹیلی فون پر قتل کی دھمکیاں دی گئیں جب کہ دھمکیاں دینے والے کی شناخت اب تک سامنے نہیں آسکی ہے۔شہناز گل کے والد نے ایس ایس پی امرتسر پولیس کے پاس درخواست جمع کروائی ہے جس میں انہوں نے مؤقف اپنایا کہ انہیں مسلسل دھمکی آمیز فون کالز موصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’دھمکی دینے والا شخص اپنا نام ہیپی بتا رہا ہے اور یہ دھمکی دے رہا ہے کہ وہ مجھے دیوالی سے قبل قتل کر دے گا‘۔شہناز گل کے والد نے میڈیا کو مزید بتایا کہ وہ متعدد ہندو اداروں کے ساتھ منسلک ہیں اور ممکنہ طور پر اسی وجہ سے انہیں قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔انہوں نے پولیس سے اس معاملے کی چھان بین کرنے پر زور دیا اور کہا کہ اگر ایسا نہیں ہوتا تو وہ جلد ہی ریاست پنجاب چھوڑ کر کہیں اور چلے جائیں گے۔یاد رہے کہ اس سے قبل دسمبر 2021 میں بھی شہناز کے والد پر دو افراد نے قاتلہ حملہ کیا تھا جس میں وہ بال بال بچ گئے تھے۔

Related Articles