دپیکا سے علیحدگی کی افواہوں کے دوران رنویر سنگھ بھی میدان میں آگئے، اشارہ دیدیا
ممبئی ،اکتوبر۔ایک طرف بالی ووڈ کی معروف جوڑی رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کے علیحدگی کی افواہ گردش میں ہے اور دوسری طرف رنویر سنگھ نے دپیکا کے ساتھ ایک فلم میں اکٹھے کام کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق رنویر سنگھ اور دپیکا کی ممکنہ علیحدگی کی خبر فلمی ناقد اور اوورسیز سنسر بورڈ کے رکن عمیر سندھو نے اپنے ٹوئٹر اکآنٹ کے ذریعے دی ہے۔ وہ ایک ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’’بریکنگ! رنویر اور دپیکا کے مابین سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا۔‘‘رنویر اور دپیکا کی طرف سے اس ٹویٹ کے متعلق تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تاہم ایک ویڈیو منظرعام پر آئی ہے جس میں رنویر سنگھ اپنی اہلیہ کے بارے میں محبت کا اظہار کر رہے ہوتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’ٹچ ووڈ۔۔۔ ہم 2012ء میں ملے اور ڈیٹنگ شروع کی اور اب 2022ء ہے۔ مجھے اور دپیکا کو ایک ساتھ 10سال ہو گئے ہیں۔ ‘‘ اس کے بعد وہ دپیکا کی تعریف کرتے ہوئے ایسا اشارہ بھی دیتے ہیں کہ وہ اور دپیکا بہت جلد ایک فلم میں اکٹھے نظر بھی آئیں گے۔