گاندھی جی کا راستہ محنت اور لگن کے ذریعہ خود روزگار پیدا کرکے خود کفیل بننا رہاہے – بھوپیش
رائے پور، اکتوبر۔ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے کہا ہے کہ گاندھی جی کا راستہ محنت اور لگن کے ذریعہ خود روزگار پیدا کرکے خود کفیل بننا رہاہے۔گاندھی جینتی کے موقع پر، مسٹربگھیل نے آج یہاں ‘گاندھی، نوجوان اور نئے ہندوستان کے چیلنجز کے موضوع پر محکمہ ثقافت اور آثار قدیمہ کی طرف سے منعقد ایک سیمینار میں کہا کہ آج کا دن گاندھی جی اور لال بہادر شاستری کو یاد کرنے کا دن ہے۔ مہاتما گاندھی کی زندگی کے دوران استعمال ہونے والی تمام چیزیں وردھا میں واقع مگن میوزیم میں رکھی گئی ہیں۔ گاندھی جی نے خود انحصاری، محبت، سچائی، عدم تشدد کا راستہ دکھایا اور آزادی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ گاندھی جی نے لباس ترک کر دیا کیونکہ انہوں نے ہندوستان کی کم سے کم ضروریات کی روایت پر عمل کیا۔ اگر ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں تو ہماری ضرورتیں کم سے کم ہونی چاہئیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنا وقت اور توانائی نئے خیالات اور کاموں کے لیے صرف کریں۔ گاندھی جی چاہتے تھے کہ نوجوان خود کفیل بنیں، آگے بڑھیں، گاندھی جی بھی انہی خیالات کو لے کر آگے بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی نے عدم تشدد، سچائی اور محبت کے ساتھ جنگ لڑی۔ گاندھی جی کا راستہ محنت اور لگن کے ساتھ خود روزگار پیدا کرکے خود کفیل بننا رہاہے۔ انہوں نے ضرورت مندوں اورپریشان لوگوں کی مدد کا راستہ دکھایا۔مسٹر بگھیل نے ملاقات کے دوران بلود کے ایک نوجوان کسان دیویانگ دھووے کی مثال دیتے ہوئے نوجوانوں کو خود روزگار کے لیے ترغیب دی اور کہا کہ محنت ہی گاندھی جی کا راستہ ہے۔