شرد پوار این سی پی کے صدر منتخب
نئی دہلی، ستمبر۔ دہلی میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں مہاراشٹر کے عظیم لیڈر اور پارٹی کے بانی رکن شرد پوار کو متفقہ طور پر ایک بار پھر صدر منتخب کیا گیا۔ مسٹر پوار اگلے چار سال تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔مہاراشٹر این سی پی کے چیف ترجمان مہیش بھرت تاپسے نے یہ جانکاری دی۔دہلی کے تالکٹورہ اسٹیڈیم میں جاری این سی پی کے دو روزہ قومی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر پوار نے مہنگائی، کسانوں، خواتین، سیکورٹی اور چین جیسے حساس معاملوں پر مرکز کی مودی حکومت کو گھیرتے ہوئے نشانہ بنایا۔ انہوں نے چھترپتی شیواجی کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ’’ہم مرکزی حکومت کے سامنے نہیں جھکیں گے۔‘‘ انہوں نے عوام سے متحد ہوکر مرکزی حکومت کے خلاف کھڑے ہونے کی اپیل کی۔ مسٹر پوار نے کہا، ”این سی پی ہمیشہ کسانوں کے لیے کام کرے گی اور ان کے حقوق کی حفاظت کرے گی۔ کچھ فرقہ پرست عناصر کی وجہ سے ملک کا ماحول خراب ہوتا جا رہا ہے۔ اقلیتی برادری کے لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اس لیے ہمیں ہم آہنگی کا ماحول بنانے کا عہد کرنا چاہیے۔‘‘این سی پی کی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس کورونا وبا کے سبب دو سال بعدمنعقد ہوا ہے۔ مسٹر پوار نے اس میٹنگ میں شرکت پر خوشی کا اظہار کیا۔