روس نے نارڈ سٹریم گیس پائپ لائن دوبارہ بند کرنے کا اعلان کردیا

برسلز،اگست۔ روس نے یورپ کو گیس سپلائی کرنے والی نارڈ سٹریم گیس پائپ لائن کو31 اگست سے دوبارہ بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ یورپین ذرائع کے مطابق روسی سرکاری کمپنی گیز پروم نے اعلان کیا ہے کہ 31اگست کو نارڈ سٹریم گیس لائن کو دوبارہ 3 دن تک مرمت کیلئے بند کردیا جائے گا۔ حالانکہ یہ پائپ لائن جولائی میں 10دن تک مرمت کیلئے بند رہی تھی۔ یورپین ذرائع اسے روس کی جانب سے تنگ کرنے کا حربہ قرار دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جولائی میں جب گیس بند کی گئی تھی تو نہ صرف اس سے توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا تھا بلکہ اس کے بعد گیس کی سپلائی بھی کم کردی گئی تھی۔ واضح رہے کہ نارڈ سٹریم پائپ لائن سے یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی کو گیس سپلائی کی جاتی ہے۔ دوسری جانب گیز پروم کے اس اعلان کے بعد جرمنی نے اپنے ہاں موجود نیو کلئیر پاور پلانٹس کو مزید جاری رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔

Related Articles