شوپیاں میں تصادم، چار جنگجو ہلاک، پانچویں نے خودسپردگی اختیار کی، علاقے میں تلاشی آپریشن جاری

سری نگر، 28 اگست (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے کلورہ نامی علاقے میں جمعے کو جنگجوئوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والے ایک مسلح تصادم میں چار جنگجو مارے گئے جبکہ ایک جنگجو نے خودسپردگی اختیار کی ہے۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے کلورہ میں چلایا جانے والا جنگجو مخالف آپریشن چار جنگجوئوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جنگجو نے خودسپردگی اختیار کی ہے۔
دفاعی ترجمان نے مزید بتایا کہ مسلح تصادم کی جگہ سے دو اے کے 47 رائفلیں اور تین پستولیں برآمد کی گئی ہیں۔
جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے کلورہ میں ہونے والے ایک تصادم میں چار عدم شناخت جنگجو مارے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کلورہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس، فوج کی 44 آر آر اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ مشتبہ جگہ کو محاصرے میں لینے کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور پر مسلح تصادم چھڑ گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کچھ دیر تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے میں چار جنگجو مارے گئے جن کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری رکھا گیا ہے۔

Related Articles