سونیا گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ گچھ کے خلاف شہر حیدرآباد میں کانگریس کی ریلی
حیدرآباد،جولائی۔صدرکانگریس سونیا گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ گچھ کے خلاف شہر حیدرآباد میں کانگریس کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس میں پارٹی کے اہم لیڈروں نے شرکت کی اورمرکزی ایجنسی کے اس قدم کو نامناسب قراردیا۔شہر کی نیکلس روڈ پر اندراگاندھی کے مجسمہ کے قریب احتجاج کیاگیا۔صدرتلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی، سی ایل پی لیڈرملوبھٹی وکرامارکا اور کانگریس کے دیگر لیڈران ریلی کی شکل میں ای ڈی کے دفتر تک پہنچے۔پولیس نے کانگریس کی ریلی کو بعض شرائط کے ساتھ اجازت دی۔ان لیڈروں نے الزام لگایا کہ مرکز کی مودی حکومت گاندھی خاندان کے ساتھ مخاصمت کررہی ہے۔انہوں نے بی جے پی ہٹاو۔دیش بچاو کا نعرے لگائے اور اپنے نعروں کی حمایت میں پلے کارڈس کے ساتھ احتجاج کیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر لیڈرپونم پربھاکرنے کہاکہ کل ریاست بھر کے تمام اضلاع کے منڈل مراکز میں احتجاجی پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔پیر کے دن پارٹی کی اپیل پر مزید احتجاجی پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔انہوں نے ریاست کی حکمران جماعت ٹی آرایس پرمودی حکومت سے دہلی میں دوستی ریاست میں کشتی کا الزام لگایا۔