ڈبلیو ایچ او کی کوویکس فیسلٹی سے 172ممالک منسلک
نئی دہلی، پوری دنیا میں تیار کی جارہی کورونا ویکسین کو جلد اور سستے انداز میں تمام ممالک تک پہنچانے کے مقصد سے عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) کی طرف سے شروع کی گی کو ویکس فیسلٹی سے اب تک 172ممالک جڑ گئے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کی اس مہم میں ویکسین تیار کرنے والے نو ویکسین مینوفیکچرر س بھی اس سے جڑے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائرکٹر جنرل تیدروس ادھانوم غیبریسوس نے آج کہا کہ گزشتہ ہفتہ انہوں نے تمام 194رکن ممالک کو خط تحریر کرکے ان سے کوویکس فیسلٹی سے منسلک ہونے کی گزارش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ اب تک 172ممالک کوویکس گلوبل ویکسین فیسلٹی کے ساتھ منسلک ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویکسین کی تیاری کے فوراً بعداس کی سپلائی محدود رہے گی، اسی وجہ سے پوری دنیا میں پہلے یہ یقینی کیا جانا چاہئے کہ جو لوگ اس کے خلاف فرنٹ لائن پر ہیں، انہیں یہ پہلے مہیا کرائی جائے۔ صحت عملہ کو سب سے پہلے ویکسین دی جانی چاہئے کیونکہ وہ وبا کے خلاف فرنٹ لائن پر رہ کر کئی زندگیاں بچا رہے ہیں اور پورے صحت نظام کو مستحکم رکھے ہوے ہیں۔ اس کے علاوہ 65 بر س سے زیادہ عمر کے لوگوں اور کسی دیگر بیماری سے متاثر لوگوں کو بھی ترجیح دینی چاہئے۔ اس کے بعد جب سپلائی میں اضافہ ہوگا تو دیگر لوگوں کو ویکسین دی جانی چاہئے۔