جموں وکشمیر میں جمہوریت کہیں نہیں، جان بوجھ کر دشمنی پیدا کی جارہی ہے: عمر عبدا للہ
جموں،مئی۔ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے خطہ پیرپنچال کے دورے کے تیسرے روز مینڈھر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کو دہرایا کہ نیشنل کانفرنس جموں وکشمیر کی پہنچان،وحدت اور انفرادیت کے ساتھ ساتھ یہاں کے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلئے لڑتی رہے گی اور اُمید ظاہر کیاکہ ہمیں اس لڑائی میں ضروری کامیابی حاصل ہوگی۔ عمر عبداللہ نے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ”نیشنل کانفرنس ایک جمہوری جماعت ہے، ہم جمہوریت میں یقین رکھتے ہیں، ہم کہتے ہیں کہ ہمارے ساتھ جو ہواوہ غیر قانونی اور غیر آئین تھا، ہم اس بات میں یقین نہیں رکھتے کہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں پتھر دیکر سڑکوں پر لڑیں، ہم سڑکوں پر نہیں بلکہ عدالت میں لڑیں گے۔ اللہ کا شکر ہے کہ دیر آید درست آید سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے یہ تسلیم کیا ہے دفعہ370 کے معاملے پر سماعت شروع ہونی چاہئے۔اور ہم اُمید کررہے ہیں کہ سپریم کورٹ میں گرمی کی چھٹیاں ختم ہوتے ہی سماعت شروع ہوگی اور ہمارا ماننا ہے کہ ہمارا موقف مضبوط ہے اور ہمیں کامیابی نصیب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ”ہمارے ادارے صحیح ہیں، ہماری نیت صاف ہے، ہم دھوکہ دینے والے لوگ نہیں ہیں، ہم سچ کو جھوٹ اور جھوٹ کو سچ میں تبدیل نہیں کرتے اگر چہ اس کیلئے وفتاً فوقتاً ہمیں بھی سزا ملتی ہے ، لیکن کوئی بات نہیں وہ ہم برداشت کرلیں گے۔ لیکن جو لڑائی ہم لڑ رہے ہیں وہ صحیح اور حق پر مبنی ہے اور ہم جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کیلئے ہر حال میں جدوجہد کرتے رہیں گے۔“ انہوں نے بھاجپا سے مخاطب ہوئے ہوئے کہا کہ ”یہاں کے لوگ غریب اور بے بس ضرور ہوسکتے ہیں لیکن اتنے بے قوف نہیں ہیں جو آپ کے جھانسوں میں آئیںگے۔2018سے تو یہاں مکمل طور پر آپ کا (بھاجپا کا) کنٹرول ہے، یہاں کے عوام کیلئے کون سے بہتری آئی ؟ہم نے 5اگست2019 دیکھا، اُس وقت بڑی بڑی باتیں ہوئیں۔ ہمارے نوجوانون سے کہا گیا تھا کہ بس اب آپ دیکھئے کہ کتنا بدلاؤ آئے گا، آپ کیلئے نیا جموںوکشمیر قائم ہوگا، یہ ہل والے ترقی کے راستے میں رکاوٹ ہیں۔ اگر ہم رکاوٹ تھے تو آپ نے کیا کیا؟اسی لئے ہم یہ بات پوچھنے کیلئے مجبور ہوجاتے ہیں کہ 5اگست2019کو اس ریاست کو کیا فائدہ پہنچا؟بی جے پی کو اس چیز کو ملک میں بھیچ کر سیاسی فائدہ ملا ہوگا لیکن یہاں کے رہنے والوںکو اس کا کیا فائدہ ملا؟“۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم تعمیر و ترقی اور امن و خوشحالی کی صورت میں وہیں ہوتے جہاں پر 5اگست 2019میں تھے ہمیں وہ بھی قبول تھا لیکن آپ نے تو ہمیں دہائیوں پیچھے دھکیل دیا۔ عمر عبداللہ نے کہاکہ گذشتہ برسوں کے دوران بھرتی عمل پر مسلسل بریک ہے۔ ہمارے دور میں آر ای ٹی، این آر ایچ ایم اور دیگر بھرتیاں ہوتی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ دور دراز پہاڑی علاقوں میں ڈی جی کو ہیلی کاپٹر میں اترواتے تھے اور وہیں ڈی جی بھرتی عمل میں لائی جاتی تھی۔نوجوانوں کی لائن لگتی تھی، کوئی اُن سے نہیں پوچھتا تھا کہ آپ کا مذہب کیا ہے؟ آپ کی ذات کیا ہے؟کیاآپ ہل کیساتھ چلتے ہو، ہاتھ کیساتھ چلتے ہویا کمل کیساتھ چلتے ہو؟فیتہ نکلتا تھا، اُمیدوار کا قد اور چھاتی برابر نکلتی تھی اور ریس میں کامیاب ہوتا تھا تو ڈی جی صاحب وہیں بھرتی کاآرڈر ہاتھ میں تھما دیتا تھا۔ آج کہاں ہے وہ سب؟ا این سی نائب صدر نے کہاکہ جس تعمیر و ترقی کی باتیں کی گئی تھی وہ ترقی کہاںہے؟ پونچھ سے مینڈھر روڑ کا حال یہ ہے کہ یہاں آتے آتے ہماری ہڑیاں ہل گئیں ۔بجلی کہاںہے؟ ہمیں تو ماہ رمضان میں سحری اور افطا رکے وقت بجلی سے محروم رکھا گیا جبکہ ماضی میں ہر ایک حکومت کی یہی کوشش رہتی تھی کہ کم از کم سحری اور افطار کے وقت صارفین کو بجلی فراہم ہوسکے۔ لیکن یہاں بجلی کہیں نہیں اور میٹر لگانے میں جلدی کی جارہی ہے، وہ بھی سمارٹ میٹر، کیا سمارٹ میٹر سے بجلی آئے گی؟ جناب پہلے صارفین کو بجلی فراہم کیجئے پھر سمارٹ میٹر لگانے کی سوچئے۔ انہوں نے کہا کہ اب تو نکلوں کے میٹر بھی لگانے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں۔ نکلوں میں پانی نہیں لیکن میٹر لگانا پہلی ترجیح ہے ۔ عمر عبداللہ کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں جمہوریت کہیں نہیں، روزگار کہیں نہیں، ترقی کہیں نہیںاور امن و امان کہیں نہیں ۔ 5اگست 2019سے متعلق نئی دلی کے تمام دعوے سراب ثابت ہوچکے ہیں۔ آج لوگ ڈرے اور سہمے ہوئے ہیں، یہاں تک کہ اب کشمیری باہری ریاستوں میں جانے بھی کتراتے تھے، پیرپنچال کے ہزاروں مزدور گرمیوں میں باہری ریاستوں میں مزدوری کیلئے جاتے تھے لیکن آج لکھن پورے سے آگے جانے سے گھبراہے ہیں کہ کہیں اُن کو نشانہ نہ بنایا جائے۔ ہماری ہر ایک چیز پر حملے کئے جارہے ہیں۔ ہم کس طرح اپنے خدا کو یاد کرتے ہیں ،ہم کس طرح اپنے لوگوں کو مسجد میں بلاتے ہیں ان سب کاموں پر حملے کئے جارہے ہیں، ہماری بچیاں حجاب پہن کر کالج جانا پسند کرتی ہیں، یہ بات بھی ان کو کھٹکتی ہے۔جا جان بوجھ کر ایک سوچے سمجھے طریقے سے مذہبی ، علاقائی اور لسانی بنیادوں پر دشمنی پیدا کی جارہی ہے اور ہمیں بحیثیت قوم ان سب منصوبوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔