سمن بیری نے نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین کا عہدہ سنبھالا
نئی دہلی، مئی ۔ معروف ماہر اقتصادیات سمن بیری نے اتوار کو نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا۔نیتی آیوگ نے آج یہاں بتایا کہ مسٹر بیری کی تقرری یکم مئی 2022 سے نافذ العمل ہے۔ وہ ایک تجربہ کار پالیسی ماہر معاشیات اور ریسرچ ایڈمنسٹریٹر ہیں۔ مسٹر بیری نے حکومت کے ایک اہم تھنک ٹینک کے سربراہ کے طورپرڈاکٹر راجیو کمار سے عہدہ سنبھالا۔انہوں نے کہا، "مسٹر راجیو کمار نے مجھے ایک مضبوط تنظیم سونپی ہے، جس میں بہت ساری نئی، نوجوان صلاحیتیں شامل ہیں اور حکومت کے اندر اور باہر تمام شراکت داروں کے ساتھ مضبوطی سے جڑی ہیں۔” انہوں نے کہا، “میں اس بڑے عالمی غیریقینی دورمیں اس کا چارج سونپے جانے پر انتہائی فخر محسوس کررہاہوں۔ گہرے تجزئے اور وسیع بحث کی بنیاد پرمستقبل کے راستے میں بارے میں ایک وژن تیارکرنا اورریاستوں کے ساتھ کام کرنا، نیتی آیوگ کا چیلنج ہے۔ ہندوستان کا معاشی اور سماجی انتخاب پوری دنیا کے لیے اہم ہے۔مسٹر بیری نے پہلے نیشنل کونسل آف اپلائیڈ اکنامک ریسرچ (این سی اے ای آر) کے ڈائریکٹر جنرل (چیف ایگزیکٹو) اور رائل ڈچ شیل کے گلوبل چیف اکانومسٹ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ وزیر اعظم کی اقتصادی مشاورتی کونسل، شماریاتی کمیشن اور مالیاتی پالیسی پر ریزرو بینک آف انڈیا کی تکنیکی مشاورتی کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔وہ واشنگٹن میں ورلڈ بینک سے وابستہ تھے اورلیٹن امریکہ پرمرکوز میکرو اکانومی، مالیاتی منڈیوں اور عوامی قرضوں کا انتظام ان کے دائرہ کارمیں شامل تھا۔حال ہی میں وہ سنٹر فار پالیسی ریسرچ، نئی دہلی میں سینئر وزٹنگ فیلو، بروگل، برسلز میں انان ریذیڈنٹ فیلو، اور ووڈرو ولسن سنٹر، واشنگٹن میں گلوبل فیلو کے طور پر وابستہ رہے ہیں۔ انہوں نے شکتی سسٹین ایبل انرجی فاؤنڈیشن، نئی دہلی کے بورڈ میں بھی کام کیاہے۔