چور اے ٹی ایم کو کرین کی مدد سے اکھاڑ کر لاکھوں روپے لے کر فرار
سنگلی،مہاراشٹرا ،اپریل۔ڈاکو چوری کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں ،ایک ایسی ہی مثال گزشتہ دنوں دیکھنے کو ملی جہاں چوروں نے اے ٹی ایم مشین سے رقم چوری کرنے کیلئے کرین کا سہارا لیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کے ضلع سنگلی میں اتوار کو رات گئے چوروں نے ایم ٹی ایم مشین کو اکھاڑنے کیلئے کرین کا استعمال کیا۔رپورٹس کے مطابق اے ٹی ایم بوتھ میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چور ایک کرین کی مدد سے اے ٹی ایم مشین کو اکھاڑنے میں کامیاب ہوئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ چور اے ٹی ایم مشین سے تقریبا 27 لاکھ روپے لے کر فرار ہوگئے جبکہ ڈاکوؤں نے کرین بھی قریب میں موجود ایک پیٹرول پمپ سے چوری کی تھی۔پولیس کے مطابق چوروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔