وویک اگنیہوتری کا ’دی دہلی فائلز‘ پروجیکٹ کی تیاریوں کا اعلان
ممبئی ،اپریل ۔متنازع فلم ’دی کشمیر فائلز کے ہدایت کار وویک اگنیہوتری نے اس فلم کی کامیابی کے بعد اپنے نئے پروجیکٹ سے متعلق لوگوں کو اطلاع دی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ وہ اب ’دی دہلی فائلز‘ کے نام سے فلم بنانے کی تیاری شروع کریں گے۔وویک اگنیہوتری نے اس تعلق سے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’میں ان سبھی لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے دی کشمیر فائلز کو بنایا۔ گزشتہ چار سال ہم نے پوری ایمانداری کے ساتھ محنت کی۔ ‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’اب وقت آ گیا ہے کہ میں اپنی نئی فلم پر کام کروں۔‘‘ اس کے بعد اپنے اگلے ٹوئٹ میں انھوں نے ’ہیش ٹیگ دی دہلی فائلز‘ لکھا۔ اس سے ظاہر ہے کہ انھوں نے اپنے نئے پروجیکٹ کا نام ’دی دہلی فائلز‘ رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔لوگ اب تجسس میں ہیں کہ آخر وویک اگنیہوتری ’دی دہلی فائلز‘ میں کیا دکھائیں گے۔ کچھ لوگوں نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ وہ دہلی کی سیاست میں اروند کیجریوال کی انٹری دکھا سکتے ہیں، یا پھر دہلی میں ہونے والے فسادات کو بھی فلم کا موضوع بنایا جا سکتا ہے۔ حالانکہ اس سلسلے میں وویک اگنیہوتری نے کچھ بھی اشارہ نہیں دیا ہے۔ بہر حال، ہدایت کار وویک اگنیہوتری کے چاہنے والوں نے انھیں نئی فلم کے لیے نیک خواہشات ضرور پیش کر دی ہیں۔