مسجد اقصیٰ میں اعتکاف پر اسرائیلی پابندیاں مسترد کرتے ہیں: صبری

مقبوضہ بیت المقدس،اپریل ۔ مسجد اقصیٰ کے امام اور خطیب اور فلسطین کے ممتاز عالم دین الشیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ محکمہ اسلامی اوقاف نے اسرائیل کی طرف سے ماہ صیام کے دوران مسجد اقصیٰ میں اعتکاف پر پابندی اور اسے آخری عشرے تک محدود کرنے کی شرائط مسترد کردی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ہم مسجد اقصیٰ میں آج ہی سیاعتکاف شروع کرنے پر غور کررہے ہیں۔میڈیا کو جاری بیان میں الشیخ صبری نے کہا کہ مسجد اقصیٰ سے متعلق علما کے ساتھ اعتکاف ابھی سے شروع کرنے کے بارے میں مشاورت جاری ہے۔الشیخ صبری نے کہا کہ مسجد اقصیٰ اس وقت سازشوں میں گھر چکی ہے اور صہیونی ریاست یہودی آباد کاروں کے قبلہ اول پر دھاووں کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کررہی ہے۔ فلسطینیوں کو اسرائیلی ریاست کی سازشوں کا ہرسطح پر مقابلہ کرنا ہوگا۔خیال رہے کہ اسرائیلی پولیس نے ہفتے کے روز فلسطینی نمازیوں کو مسجد اقصیٰ میں داخلے سے روک دیا تھا اور کہا تھا کہ فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں اعتکاف کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 

Related Articles