شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کی شوٹنگ کیلئے اسپین روانگی متوقع

ممبئی ،مارچ۔بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان فلم پٹھان کی شوٹنگ کے لیے روس۔ یوکرین تنازع کے دوران اسپین روانہ ہوسکتے ہیں۔ اس وقت یورپی ممالک میں حالات کشیدہ ہیں اور روس یوکرین تنازع نے بھی تیسری عالمی جنگ کا خطرہ پیدا کر دیا ہے۔ روس نے جمعے کو کیف پر لگاتار چار حملے کیے۔ وہیں خبریں آ رہی ہیں کہ روس یوکرین جنگ کے درمیان شاہ رخ خان اپنی فلم ‘پٹھان کی شوٹنگ کے لیے اسپین جا سکتے ہیں۔ فلم کا اسپین شیڈول پہلے سے طے شدہ تھا، جو کووڈ 19 کی وجہ سے پہلے مکمل نہیں ہوپایا تھا۔ اب خبر ہے کہ شاہ رخ آنے والے کچھ دنوں میں اسپین روانہ ہوسکتے ہیں۔ شاہ رخ خان نے حال ہی میں فلم ‘پٹھان کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔ فلم ‘پٹھان آئندہ برس 25 جنوری کو یوم جمہوریہ کے موقع پر ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ ایسے میں فلم کو جلد از جلد مکمل کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔’پٹھان‘ کی ٹیم فلم کا اگلا شیڈول مکمل کرنے کے لیے یورپ روانہ ہو سکتی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کی مرکزی اسٹار کاسٹ شاہ رخ، دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم 8یا9مارچ کو اسپین روانہ ہو سکتے ہیں۔فلم ‘پٹھان کی شوٹنگ دبئی سمیت کئی بین الاقوامی مقامات پر کی گئی ہے۔ اس فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں جو کہ ریتک روشن اور ٹائیگر شراف اسٹارر فلم ‘وار کے ڈائریکٹر ہیں۔واضح رہے کہ حال ہی میں شاہ رخ خان نے فلم سے اپنا لْک بھی جاری کیا تھا۔انہوں نے سوشل میڈیا پر فلم ‘پٹھان کا ٹیزر شیئر کرکے فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔

Related Articles