کے بی سی میں ہربھجن اور عرفان پٹھان کی شرکت، امیتابھ قہقہے لگانے پر مجبور

ممبئی ،دسمبر۔بولی وڈ لیجنڈ امیتابھ بچن کئی برس سے ‘کون بنے گا کروڑ پتی‘کے میزبان ہیں، سیزن 13 کی ایک قسط کا پرومو آن ایئر ہوا ہے، جس میں عرفان پٹھان اور ہربھجن سنگھ شو کا حصہ بنے ہیں۔ شو کے دوران امیتابھ بچن، عرفان پٹھان اور ہربھجن سنگھ میں دلچسپ گفتگو ہوئی، جس نے شرکاءکو ہی نہیں دیکھنے والوں کو بھی قہقہے لگانے پر مجبور کردیا۔اس دوران ایک موقع پر ہربھجن سنگھ سچن ٹنڈولکر کی نیٹ پریکٹس سے متعلق ایک قصہ سنایا تو بولی وڈ لیجنڈ لوٹ پوٹ ہوگئے۔امتیابھ بچن نے دونوں مہمانوں سے مزہ لینے کیلئے کہا کہ آپ دونوں کا غصہ بہت شہرت رکھتا ہے، اس پر عرفان پٹھان نے ہاتھ میں دو گیندیں پکڑلیں۔عرفان پٹھان کے ہاتھ میں 2 گیندیں دیکھ کر بولی وڈ لیجنڈ حیرت زدہ ہوئے، چہرے کے تاثرات ایسے بدلے جیسے یہ گیندیں ابھی انہیں ماردی جائیں گی۔اس پر بھارتی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر نے امتیابھ بچن کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ سر آپ بالکل فکر نہ کریں، ہمارا سارا غصہ ان گیندوں پر نکل جائے گا۔اس بات کو امتیابھ بچن نے خوب سراہا اور تالیاں بجائیں، جس پر ہربھجن سنگھ نے کہا کہ سر فلم نگری میں ‘اینگری ینگ مین’ کا خطاب تو آپ کے پاس ہے۔ایک موقع پر ہربھجن سنگھ نے عرفان پٹھان کو چھیڑتے ہوئے کہا کہ یہ کھانے میں نمبر ون ہے، ہم ایک ہاتھ سے کھاتے ہیں، یہ دونوں ہاتھوں سے کھاتا ہے، اتنا کھاتا ہے کہ چار لوگوں کا کھانا اکیلے نمٹادے۔اس پر امتیابھ بچن نے عرفان پٹھان کی طرف داری کی اور ان کے اس عمل کی تعریف کی، اس پر بھارتی فاسٹ بولر نے کہا کہ سر دونوں ہاتھوں کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے۔بولی وڈ لیجنڈ نے دوران گفتگو کرکٹرز کی انگریزی کا تذکرہ بھی چھیڑا تو ہربھجن سنگھ نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ابتدائی دنوں کا قصہ سنایا کہ وہاں ہر کھلاڑی سے کئی فارم بھروائے گئے، جن میں ذاتی نوعیت سے لے کر پسند نا پسند تک کے سوالات تھے، ہمارے ایک کھلاڑی نے مدر ٹنگ کے خانے میں ‘پنک’ لکھ دیا تھا۔

Related Articles