ڈوین جانسن کی جیمز بانڈ بننے کی خواہش
لاس اینجلس،نومبر۔ہالی ووڈ سپر اسٹار اور پروفیشنل ریسلر ڈوین جانسن المعروف دی راک نے مشہور زمانہ جاسوسی کے کردار جیمز بانڈ بننے کی خواہش کا اظہار کردیا۔ اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران ڈوین جانسن نے اپنے نانا پیٹر مائیویا کی فلم کے بارے میں بھی کچھ حقائق بتائے۔ دی راک کا کہنا تھا کہ ان کے نانا پیٹر مائیویا جیمز بانڈ فرنچائز کی فلم ’یو اونلی لیو ٹوائس‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے، جبکہ اس میں انہوں نے ولن کا کردار ادا کیا تھا۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جی ہاں اور میں چاہتا ہوں کہ میں اپنے نانا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اگلا جیمز بانڈ بنوں، میں ولن نہیں بلکہ جیمز بانڈ ہی بننا چاہتا ہوں۔ واضح رہے کہ جیمز بانڈ سیریز کی حالیہ ریلیز ہونے والی فلم نو ٹائم ٹو ڈائی اداکار ڈینئل کریگ کی بطور جیمز بانڈ کی آخری فلم تھی اور اس کے بعد سے نئے جیمز بانڈ کی تلاش جاری ہے۔