شیوراج نے فائر سیفٹی آڈٹ سے متعلق رپورٹ طلب کی
بھوپال، نومبر۔ بھوپال کے سرکاری اسپتال کے چائلڈ وارڈ میں آگ لگنے سے چار بچوں کی موت کے افسوسناک واقعے کے بعد وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج متعلقہ حکام سے ’فائر سیفٹی آڈٹ‘ سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق مسٹر چوہان نے ایک اہم میٹنگ میں اس واقعہ پررنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے، اس لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور اس کے لیے فائر سیفٹی آڈٹ تمام اسپتالوں کا ضروری ہے۔ انہوں نے میٹنگ میں موجود متعلقہ محکمے کے افسروں سے کہا کہ وہ گزشتہ رات کے واقعے سے متعلق فائر سیفٹی آڈٹ کی رپورٹ پیش کریں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ شب کے واقعہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی وہ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ سے متعلقہ حکام سے جانکاری حاصل کرتے رہے اور رات تک راحت رسانی کے کاموں سے متعلق ہدایات دیتے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنا چاہتے تھے لیکن راحت وبچاؤ کارروائیاں متاثر نہ ہوں، اس لیے یہ ممکن نہیں ہو پا یا ۔انہوں نے مرنے والے بچوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا دکھ ہے کہ تمام تر کوششوں کے باوجود چار بچوں کو بچایا نہیں جا سکا۔ مسٹر چوہان نے کہا کہ اگرچہ ہم بقیہ بچوں کو بچانے میں کامیاب رہے اورراحت رسانی کا کام بخوبی انجام دیا گیا ۔دریں اثنا گزشتہ رات آگ لگنے کے واقعے کے بعد کا ایک ویڈیو منظر عام پر آیا ہے، جس میں کچھ لوگ دھوئیں کے درمیان ادھر سے ادھر بھاگتے ہوئے اور بچوں کو بچانے کی کوشش کرتے نظر آ رہے ہیں ۔ تاہم ویڈیو کی تصویر زیادہ واضح نہیں ہے ۔