پاکستان خطرناک، 2009 کی طرح چیمپئن بن سکتی ہے، شاہد آفریدی
کراچی ،اکتوبر۔ سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم 2009 کی طرح چیمپئن بن سکتی ہے، یہ ٹیم کسی بھی حریف کو ہراسکتی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کا فارمیٹ ہمیں سوٹ کرتا ہے، ہم ٹی ٹوئنٹی میں ہر ٹیم کے خلاف کامیاب رہے، پاکستان کی موجودہ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی کمی ہے، لیکن اسے کبھی آسان حریف سمجھنے کی حماقت نہ کریں۔ جمعرات کوایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ 12 سال قبل پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے تب بھی پوری قوم میں مایوسی تھی۔ 2009 میں بھی تین ماہ بعد ورلڈ کپ ہوا تو اس وقت پاکستان ٹیم ہی تھی جس نے قوم کو ٹائٹل جیت کر خوشی کا موقع فراہم کیا، ٹیم میں وہی اسپرٹ نظر آرہی ہے، حالات بھی پہلے سے زیادہ مختلف نہیں ہے۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے ملتوی ہونے سے پاکستان میں کرکٹ کے متوالے آج بھی مایوس ہیں اور انہیں امید ہے کہ کھلاڑی متحدہ عرب امارات میں 2009ء کی تاریخ دہرائیں گے۔