بی جے پی ستیش شرما کو کابینہ سے ہٹائے جانے پر مگرمچھ کے آنسو بہا رہی ہے۔ سریندر چودھری

جموں، ۔ جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے کابینہ میں جموں خطے کی نمائندگی کو لے کر بی جے پی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جو پارٹی ماضی میں انہیں اور ستیش شرما کو ’سریندر عبداللہ‘ اور ’ستیش عبداللہ‘ کہہ کر پکارتی تھی، وہ آج ستیش شرما کو کابینہ سے ہٹائے جانے پر مگرمچھ کے آنسو بہا رہی ہے۔جمعرات کو جموں ریلوے اسٹیشن کے قریب آتشزدگی سے متاثرہ مارکیٹ کے دورے کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے چودھری نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے ماضی میں انہیں اور ستیش شرما کو سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کی کوشش کی تھی اور انہیں غدار تک قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ستیش شرما کل تک کابینہ میں ان کے ساتھی تھے اور انہیں ہٹائے جانے پر افسوس ہے، تاہم بی جے پی کا موجودہ مؤقف حیران کن ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جموں میں بی جے پی نے انہیں اور ستیش شرما دونوں کو کابینہ سے باہر کرنے کی کوشش کی تھی۔نائب وزیر اعلیٰ نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کا کابینہ میں برقرار رکھنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ایک ہندو رہنما کو نائب وزیر اعلیٰ بنا کر جموں کو عزت دی ہے۔ بی جے پی کے چیف ترجمان سنیل سیٹھی کے نیشنل کانفرنس کو ’مسلم کانفرنس‘ قرار دینے سے متعلق بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چودھری نے بی جے پی کے سیکولرزم کے دعوؤں پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کی بات کرتی ہے، لیکن اسے بتانا چاہیے کہ اس نے اپنی حکومتوں میں کسی مسلمان کو وزیر اعلیٰ یا نائب وزیر اعلیٰ مقرر کیا ہے یا نہیں۔انہوں نے اپنی جاٹ برادری اور ڈوگرہ شناخت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جاٹ ہونے سے کوئی شخص کم ہندو یا کم ڈوگرہ نہیں ہو جاتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ماتا ویشنو دیوی اور ماتا درگا کے عقیدت مند ہیں اور ان کے مطابق انہیں موجودہ مقام تک پہنچانے میں ان کی آشیرواد کا اہم کردار ہے۔ چودھری نے کہا کہ حالیہ بیانات سے انہیں دکھ پہنچا ہے، کیونکہ ان کے ذریعے پوری جاٹ برادری کی شناخت پر سوال اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے مہاراجہ ہری سنگھ کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس زمانے میں جاٹ برادری کے افراد نے بھی خدمات انجام دی تھیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے بی جے پی سے اپنے خلاف بدعنوانی کے الزامات ثابت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں پر انگلی اٹھانے سے پہلے پارٹی کو اپنے رہنماؤں کے اثاثوں اور آمدنی کے ذرائع کی وضاحت کرنی چاہیے۔ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو کابینہ میں چار نئے وزرا کو شامل کیا، جن کا تعلق کشمیر وادی سے ہے۔ اس توسیع کے بعد نو رکنی کابینہ میں وادی کے سات وزرا شامل ہیں، جبکہ جموں خطے کی نمائندگی نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری اور جاوید رانا کر رہے ہیں۔ چھمب کے آزاد رکن اسمبلی ستیش شرما کو کابینہ سے ہٹا دیا گیا، جس کے بعد بی جے پی نے حکومت پر علاقائی اور ثقافتی عدم توازن کا الزام عائد کیا۔

Related Articles