پریانکا کرن جوہر کی وجہ سے بھارت چھوڑنے پر مجبور ہوئیں، کنگنا رناوت
ممبئی،مارچ۔اداکارہ پریانکا چوپڑا کے بالی ووڈ چھوڑنے کے چونکا دینے والے انکشافات کے بعد کنگنا رناوت ان کے حق میں بول پڑیں اور کرن جوہر کو پریانکا کے فلم انڈسٹری سے آؤٹ ہونے کی وجہ قرار دیا۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے سلسلہ وار پیغامات میں کنگنا رناوت نے تحریر کیا کہ پریانکا چوپڑا کو بالی ووڈ چھوڑنا پڑا، لوگ اس کے خلاف متحد ہوگئے تھے، اسے زدوکوب کیا گیا اور فلم انڈسٹری سے ہی نکال دیا گیا جس کے باعث وہ بھارت چھوڑنے پر مجبور ہوئیں۔ کنگنا نے یہ بھی تحریر کیا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ پریانکا پر کرن جوہر نے پابندی لگوائی۔ بالی ووڈ کوئین نے لکھا کہ شاہ رخ خان سے دوستی کی وجہ سے پریانکا چوپڑا اور کرن جوہر میں ہمیشہ جھگڑا رہا، اور فلم مافیا ہمیشہ کمزور لوگوں کی تلاش میں رہتی ہے جو انہیں پریانکا چوپڑا میں نظر آیا اور اداکارہ کو ہراساں کرکے اس مقام تک پہنچادیا کہ انہیں بھارت چھوڑنا پڑا۔ کنگنا نے لکھا کہ اس حاسد شخص کرن جوہر کا فلم انڈسٹری کی ثقافت اور ماحول کو خراب کرنے پر محاسبہ ہونا چاہیے۔