شادی میں شرکت کیلئے دلہے نے باراتیوں کیلئے پورا جہاز بک کرا لیا
دہلی،فروری۔اپنی شادی کو یاد گار بنانے کے لیے ہر کوئی کچھ ایسا منفرد کرنا چاہتا ہے کہ لوگ برسوں بعد بھی اس کی شادی کو یاد کریں۔کچھ لوگ شادی کو یاد گار بنانے کے لیے ایسے مقام کا انتخاب کرتے ہیں جہاں عام لوگوں کی شادیاں نہ ہوتی ہوں اور کچھ شادی کے موقع پر دلہن اور دلہے کی انٹری کو منفرد بنانے کے لیے پیسہ خرچ کرتے ہیں۔تاہم ایک بھارتی شہری نے اپنی شادی کو یاد گار بنانے کے لیے باراتیوں کے لیے پورا جہاز ہی بک کروا لیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھوون نامی شخص نے اپنی شادی میں شرکت کرنے والے رشتے داروں اور گھر والوں کے لیے پورے جہاز کی بکنگ کروائی۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ دلہا اپنی شادی میں شرکت کیلئے رشتے داروں کے ہمراہ جہاز میں سوار ہے۔ ویڈیو میں دلہے اور اس کے رشتے داروں کو کافی خوش دیکھا جاسکتا ہے۔میڈیا کے مطابق یہ شادی کی تقریب نیپال میں منعقد ہوئی جس میں شرکت کے لیے باراتی دلہے سمیت بھارت سے کھٹمنڈو پہنچے۔ جہاز میں سوار باراتیوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر کیا وائرل ہوئی صارفین نے بھی تبصرے کرنا شروع کردیے۔کچھ صارفین نے بھی اس خواہش کا اظہار کیا کہ اتنا پیسہ کمانا ہے کہ بارات جہاز پر لے جاسکیں جبکہ کچھ نے اسے فضول خرچی بھی قرار دیا۔