پاکستان نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے فائنل میں پہنچا
سڈنی، نومبر۔ فارم میں واپسی کرنے والے کپتان بابر اعظم (53) اورمحمد رضوان (57) کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے بدھ کے روز ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو نو وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 20 اوورز میں 153 رنز کا ہدف دیا جسے بابر کی ٹیم نے پانچ گیندیں باقی رہ کر حاصل کر لیا۔بابر اور رضوان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 میں پہلی بار 50 رنز کا ہندسہ پارکیا۔ بابر نے 42 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے جبکہ رضوان نے 43 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے۔ بابر اور رضوان نے پہلی وکٹ کے لیے 105 رنز کی سنچری پارٹنرشپ کرکے ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا۔ تیسرے نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والے باصلاحیت نوجوان بلے باز محمد حارث نے 26 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز بنائے جبکہ شان مسعود (03 ناٹ آؤٹ) نے آخری اوور کی پہلی گیند پر فاتح رن بنا کر پاکستان کو فائنل میں پہنچایا۔میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ہندوستان یا انگلینڈ سے ہوگا۔