مبینہ طورپر نازیبا ویڈیو لیک ہونے کے بعد بھارتی اداکارہ اکشرا سنگھ کا موقف بھی آگیا
ممبئی،اکتوبر۔ بھارت کی بھوجپوری فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اکشرا سنگھ کی حالیہ دنوں ایک مبینہ نازیبا ویڈیو لیک ہو کر منظرعام پر آ گئی تھی۔ اداکارہ کی طرف سے اس ویڈیو کو جعلی قرار دیتے ہوئے تمام معاملہ یوٹیوبرز پر ڈال دیا گیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اکشرا سنگھ نے گزشتہ روز اپنے انسٹاگرام پر ایک لائیو سیشن کے ذریعے کہا کہ یوٹیوبرز خبر کی تصدیق کیے بغیر غلط اطلاعات پھیلا رہے ہیں۔ میں ایک بہادر لڑکی ہوں اور بخوبی جانتی ہوں کہ اس طرح کی صورتحال سے کیسے نمٹا جاتا ہے۔اکشرا سنگھ نے کہا کہ ’’یوٹیوبرز میرے بارے میں غلط خبریں پھیلانے سے پہلے اپنی فیملی کے بارے میں سوچیں۔ جہاں کچھ سچ نہ ہو، اس کو آپ اس طریقے سے سماج میں پھیلائیں گے تو اس سے آپ میرے لیے کچھ برا نہیں کر رہے، آپ آنے والے وقت میں اپنی ماں بہن اور بیٹیوں کے لیے برا کر رہے ہیں، کیونکہ آپ جو کرتے ہیں وہ گھوم کر آپ ہی کے پاس واپس آتا ہے۔‘‘اداکارہ نے کہا کہ’’ میں کسی سے نہیں ڈرتی، میں بہت مضبوط ہوں لیکن سماج کی ان لڑکیوں کے لیے سوچوجن کی عزت پر بات آئے تو کیا سے کیا ہوسکتا ہے۔ جانے انجانے میں آپ صرف پیسے کمانے کے لیے کسی عام لڑکی کی زندگی برباد کر سکتے ہیں۔میں دعا کروں گی کہ آپ کی ماں، بہن اور بیٹی کے ساتھ ایسا کچھ پیش نہ آئے۔‘‘