عامر خان کو امیتابھ بچن کے سامنے سگریٹ نوشی کا طریقہ کس نے سکھایا؟
ممبئی،جون(پی ایس آئی)بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ نے عامر خان کو فلم نگری کے لیجنڈ امیتابھ بچن کے سامنے سگریٹ نوشی کا طریقہ سکھایا تھا۔شاہ رخ خان اور امیتابھ بچن محبتیں، کبھی خوشی کبھی غم، ویر زارا، پہیلی، بھوت ناتھ، بھوت ناتھ ریٹرنز میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔عامر خان نے اسی بات کے پیش نظر امیتابھ بچن کے ساتھ اپنی پہلی فلم کی شوٹنگ سے قبل شاہ رخ خان سے لیجنڈ اداکار کے سامنے سگریٹ نوشی سے متعلق مشورہ مانگا تھا۔کنگ خان نے عامر خان کو مشورہ دیا کہ امیتابھ بچن کی موجودگی میں پہلے دور سے سگریٹ پئیں اور پھر آہستہ آہستہ قریب چلے جائیں۔فلم ٹھگز آف ہندوستان کی ریلیز سے قبل میڈیا ٹاک میں عامر خان نے شاہ رخ کے اس مشورہ کا بھانڈا پھوڑا تھا۔اس دوران انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کس طرح مالٹا میں فلم کی شوٹنگ کے دوران امیتابھ بچن نے عامر خان سے شاہ رخ کے ساتھ ان کی اس بات چیت سے متعلق استفسار کیا تھا۔عامر خان نے بتایا کہ میں شاہ رخ سے ملنے اْس اسٹوڈیو گیا، جہاں شوٹنگ جاری تھی، میں نے پوچھا کیا تم امیت جی کے سامنے سگریٹ نوشی کرتے ہو؟ اگر ہاں تو کیسے کرتے ہو؟انہوں نے کنگ خان سے استفسار کیا کہ دراصل میں سگریٹ نوشی کرتا ہوں، میں اسے کیسے ممکن بناؤں؟ کیا تم اْن سے اجازت لیتے ہو؟اس پر شاہ رخ خان نے کہا کہ ہاں میں سگریٹ نوشی کرتا ہوں، یہ تو کوئی مسئلہ نہیں ہے، میری طرح تم بھی امیتابھ بچن کے سامنے سگریٹ نوشی کرسکتے ہو۔عامر خان نے کہا کہ اس پر میں نے کنگ خان سے مزید پوچھا کہ کیا تم نے کبھی اْن سے سگریٹ نوشی کی اجازت لی؟ جس پر شاہ رخ خان نے کہا کہ نہیں، میں نے کبھی اجازت نہیں لی اور امیت جی نے مجھے کبھی روکا بھی نہیں۔عامر خان نے مزید بتایا کہ میں نے شاہ رخ خان سے کہا مجھے اس حوالے سے گھبراہٹ محسوس ہو رہی ہے کہ امیتابھ بچن کے روبرو سگریٹ نوشی کیسے کرسکتا ہوں؟اس پر شاہ رخ خان نے مشورہ دیا کہ پہلے تم اْن سے تھوڑے فاصلے پر سگریٹ نوشی شروع کرو اور پھر ہر روز تھوڑا تھوڑا قریب آتے جاؤ۔بالی ووڈ اسٹار نے کہا کہ مالٹا میں فلم کی شوٹنگ کے دوران امیت جی نے مجھ سے پوچھا کہ سنا ہے تم شاہ رخ خان سے ملے تھے، اْس سے کچھ مشورہ بھی کیا تھا؟ کہ تم میرے روبرو سگریٹ نوشی کرسکتے ہو یا نہیں۔جس پر میں نے امیتابھ بچن جی سے پوچھا کہ سر! آپ سے یہ بات کس نے کہی؟ تو انہوں نے اپنے ذرائع کا ذکر کیا، جس پر ہم سب ہی محظوظ ہوئے، پھر میں نے لیجنڈ اداکار سے پوچھا کہ سر! اس معاملے پر آپ کا جواب کیا ہے؟امیتابھ بچن نے عامر خان کی طرف دیکھ کر جواب دیا، آپ میرے سامنے سگریٹ پی سکتے ہیں، لیکن یہ آپ کی صحت کے لیے اچھی نہیں ہے، اس پر میں نے استفسار کیا سر! کیا آپ بھی سگریٹ نوشی کرتے ہیں؟ تو انہوں نے ہاں میں جواب دیا۔عامر خان اور امیتابھ بچن 2018 میں فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے، فلم کے دیگر ستاروں میں کترینہ کیف، فاطمہ ثناء شیخ، ذیشان ایوبم رونیت رائے اور لائیڈاوون بھی شامل تھے۔