برٹنی اسپیئرز کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع
لاس اینجلس،اپریل۔نومبر 2021 میں والد کی ’سرپرستی‘ سے ڈیڑھ دہائی بعد آزادی حاصل کرنے والی گلوکارہ و اداکارہ 40 سالہ برٹنی اسپیئرز نے تصدیق کی ہے کہ ان کے ہاں تیسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔خبر وںکے مطابق برٹنی اسپیئرز نے انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے ہاں بچے کی متوقع پیدائش کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے ’بے بی بمپ‘ کی تصویر شیئر نہیں کی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکارہ نے مبہم انداز میں منگیتر سام اصغری سے شادی کرنے کی بھی تصدیق کی، کیوں کہ انہوں نے انہیں شوہر کرکے لکھا۔برٹنی اسپیئرز نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ کچھ دن قبل انہوں نے اپنا وزن بڑھا ہوا محسوس کیا اور انہیں شک ہوا کہ ان کے پیٹ میں کچھ ہے، جس کے بعد انہوں نے ’پریگنینسی ٹیسٹ‘ کروایا جو کہ مثبت آیا۔انہوں نے تصدیق کی کہ وہ حمل سے ہیں اور وہ جلد ماں بننے والی ہیں، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ وہ کتنے ماہ کے حمل سے ہیں۔برٹنی اسپیئرز تیسری بار ماں بننے جا رہی ہیں، اس سے قبل برٹنی اسپیئرز نے 2004 سے 2007 کے دوران اپنی دوسری شادی کے دوران دو بچوں کو جنم دیا تھا۔برٹنی اسپیئرز نے دوسری شادی گلوکار کیون فیڈرلائن سے 2004 کے آخر میں کی تھی، جن سے 2007 میں ان کی طلاق ہوگئی۔برٹنی اسپیئرز کو ان سے ہی و بچے بھی ہیں اور ان کی حوالگی نہ ملنے سمیت دیگر قانونی مسائل اور پیچیدگیوں کی وجہ سے ہی گلوکارہ 2008 میں ذہنی توازن کھو بیٹھی تھیں، جس وجہ سے ان کے والد کو عدالت نے ان کا قانونی سرپرست مقرر کیا تھا۔برٹنی اسپیئرز نے پہلی شادی 2004 میں اپنے بچپن کے دوست جیسن ایلن الیگزینڈر سے شادی کی تھی مگر بدقسمتی سے اسی سال دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔گلوکارہ نے نومبر 2021 میں اپنے فٹنیس ٹرینر اور دیرینہ دوست ایرانی نڑاد امریکی شخص 28 سالہ سام اصغری سے منگنی کی تھی اور ان سے جلد شادی کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔مگر اب برٹنی اسپیئرز نے اپنے ہاں متوقع بچے کی پیدائش کی تصدیق کرتے ہوئے مبہم انداز میں خاموشی سے شادی کرنے کی بھی تصدیق کردی۔