پاک بھارت کرکٹ سیریز پر رمیز راجہ نے کیا ردعمل دیا؟
لاہور،اپریل۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو آکشن کی جانب ضرور لے کر جائیں گے۔غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے رمیز راجہ کا پاک بھارت کرکٹ سیریز پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کرکٹ کو سیاست کی نظر نہیں کیا جا سکتا، معلوم نہیں کہ آئی سی سی میں 4 ملکی ٹورنامنٹ پر کیا ردعمل ملیگا، لیکن آخر کب تک ہم کرکٹ کو سیاست کی نظر کرتے رہیں گے؟ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل براڈ کاسٹر نے کہا کہ پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ نے ویورشپ کے تمام ریکارڈ توڑ دیے تھے، پاک بھارت میچوں کی طرح ایشز کی بھی ویورشپ بھی بہت زیادہ ہے۔رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ کرکٹ آسٹریلیا نے 4 ملکی ٹورنامنٹ کا خیر مقدم کیا ہے لیکن بھارت اور انگلینڈ نے 4 ملکی ٹورنامنٹ سے متعلق ابھی بیان نہیں دیا۔ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی فول پروف سکیورٹی اور کرکٹ کی میزبانی کرنے کا ثبوت دیا ہے۔رمیز راجہ کا کہنا تھا مجھے بھارت اور پاکستان کی معیشت کا بخوبی معلوم ہے، ہمارے پلانز پاکستان سپر لیگ کو بہتر سے بہتر کرنیکے ہیں لیکن فرنچائز کرکٹ بین الاقوامی مقابلوں کا متبادل نہیں ہو سکتی۔پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کی آکشن سے متعلق سوال پر چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کو آکشن کی جانب ضرور لے کر جائیں گے۔یاد رہے کہ ابھی پی سی بی نے پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کی فروخت کے لیے مختلف کیٹیگریز بنا رکھی ہیں۔