روسی وحشیانہ اور گھناؤنے حملے کو برداشت نہیں کرینگے، بورس
لندن،فروری۔ وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ روس کے’’وحشیانہ اور گھنائونے‘‘ حملے کو کسی صورت برداشت نہیں کرینگے۔ قوم سے ٹی وی کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا مشن واضح ہے، سفارتی، سیاسی یا پھر بالآخر فوجی طاقت کا استعمال کریں گے، روسی صدر پیوٹن کا وحشیانہ اقدام ناکام ہوگا، روس نے بغیر کسی اشتعال کے زمینی، فضائی اور سمندر کے راستے یوکرین پر حملہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام کو پارلیمنٹ میں روس پر مزید پابندیوں کی تفصیل سے اراکین پارلیمنٹ کو آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین میں رہنے والے ہمارے دوست ہیں، روس کے حوالے سے ہمارے خدشات درست ثابت ہوئے ہیں، برطانیہ اور دنیا کسی کو یوکرین کی آزادی چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے، مغربی ممالک کو روس کیلے تیل اور گیس پر انحصار کم کرنا ہوگا، برطانیہ اور اتحادی، روس کی معیشت کو متاثر کرنے کیلئے اقتصادی پابندیاں عائد کرنے پر متفق ہوجائیں گے۔