کشمیر میں حالیہ شہری ہلاکتوں کے اضافے نے حکومت ہند کے بیانیے کو پاش پاش کر دیا: محبوبہ مفتی

سری نگر،اکتوبر۔پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ کشمیر میں حالیہ شہری ہلاکتوں میں اضافے نے حکومت ہند کے نارملسی کے بیانیے کو پاش پاش کر دیا۔انہوں نے حکومت کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں جموں وکشمیر کے لوگ مزید خطرے اور انتشار میں پھنس گئے ہیں۔بتادیں کہ نامعلوم مسلح افراد نے منگل کی شام سری نگر میں ایک غیر مقامی سمیت دو شہریوں جبکہ شمالی کشمیر کے حاجن علاقے میں ایک شہری کو گولیاں برسا کر ہلاک کر دیا۔مہلوکین میں مشہور بندرو میڈیکٹ کا مالک مکھن لال بندرو، بیل پوری بیچنے والا وریندر پاسوان ساکن بہار اور محمد شفیع، جو سومو اسٹینڈ کا صدر تھا، شامل ہیں۔موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے بدھ کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’کشمیر میں حالیہ شہری ہلاکتوں میں اضافے سے حکومت ہند کا نارملسی کا بیانیہ پاش پاش ہوا ہے۔ یہ انتہائی غیر سنجیدہ حکومت ہے جس نے سیکورٹی کی آڑ میں بے رحمانہ پالسیوں نے انسانی زندگیوں کی قدر کم کردی ہے اور جموں وکشمیر کے لوگوں کو مزید خطرے اور انتشار میں دھکیل دیا ہے‘۔

Related Articles