سرینگر میں ملی ٹینٹ حملہ ، پولیس سب انسپکٹر ارشد میر شہید

سرینگر : ۔ جموں و کشمیر کے سرینگر میں آج ملی ٹینٹوں نے ایک سب انسپکٹر کو نزدیک سے گولی مار کر شہید کردیا ۔ یہ واقعہ سرینگر کے خانیار پولیس اسٹیشن کے نزدیک ہی پیش آیا ۔ شہید پولیس اہلکار کی شناخت ارشد میر کے طور ہوئی ہے ، جو کلمونہ کپواڑہ کے رہنے والے تھے۔ جائے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے صاف ظاہر ہے کہ ایک پستول بردار شخص نے غوثیہ اسپتال جانے والی گلی میں پیچھے سے آکر سب انسپکٹر ارشد پر گولی چلادی ۔ زخمی سب انسپکٹر کو اسکمز سرینگر منتقل کیا گیا ، جہاں تھوڑی دیر بعد ہی ان کی موت ہوگئی۔ ارشد میر نے حال ہی میں پولیس کی ٹریننگ مکمل کی تھی اور اب پولیس تھانہ خانیار میں پروبیشن پر تھے ۔ ارشد ایک اعلی پولیس افسر کے رشتہ دار بھی تھے ، جو کلمونہ کپواڑہ سے ہی تعلق رکھتے تھے ۔
شہید ارشد کی ابھی شادی بھی نہیں ہوئی تھی ۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اس حملہ کی شدید مذمت کی ہے۔ شہر خاص سرینگر میں گزشتہ کچھ عرصہ سے کئی ملی ٹینٹ حملہ ہوئے ، جن میں زیادہ تر گرینیڈ حملے رہے ۔ تین اگست کو خانیار میں ہی فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا تھا ۔ انٹلی جنس ذرائع کے حوالہ سے بتایا جارہا ہے کہ سرینگر کے اس علاقہ میں ملی ٹینٹوں کی خبریں موصول ہوتی رہی ہیں ۔ پولیس افسران پہلے بھی کئی مرتبہ خبر دار کرچکے ہیں کہ ملی ٹینٹ تنظیمیں اپنی موجودگی ظاہر کرنے لئے سافٹ نشانے تلاش کرتی رہتی ہیں ۔ جنوبی کشمیر کے بعد اب شمالی کشمیر میں غیر ملکی ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی خبریں گشت کر رہی ہیں ۔

Related Articles