بارہ بنکی میں اویسی کے خلاف مذہبی اشتعال انگیزی کا مقدمہ درج

بارہ بنکی, ستمبر ,اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسدالدین اویسی کے خلاف مذہبی جذبات مشتعل کرنے سمیت مختلف دفعات کے تحت پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔اویسی پر بلااجازت عوامی ریلی کرنے اور عوام کو رام سنیہی گھاٹ واقع مسجد کے نام پر مذہبی جذبات مشتعل کرنے کے علاوہ مقدمے میں وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف نازیبا تبصرہ کرنے کا بھی الزام ہے۔ پولیس ترجمان نے آج یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نےبتایا کہ بارہ بنکی شہر کی سٹی پولیس چوکی انچارج ہری شنکر ساہو کی تحریر پر اویسی کے خلاف بلااجازت عوامی ریلی کرنے اور مذہبی جذبات مشتعل کرنے، دفعہ 144 اور کووڈ-19 اور ڈیزاسٹر مینیجمنٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس دوران نائب ضلع افسر صدر پنکج سنگھ نے بتایا کہ بلااجازت عوامی ریلی کرنے اور کووڈ-19 کے ضابطوں کی خلاف ورزی سمیت دیگر باتیں سامنے آئی ہیں۔ پروگرام کے ویڈیو اور فوٹیج اکٹھا کیے جا رہے ہیں۔ کل دیر رات تقریباً 10 بجے بارہ بنکی شہر کوتوالی میں یہ مقدمہ درج ہوا ہے۔

Related Articles