ٹوکیو پیرالمپک کے فاتحین اعزازات سے نوازے گئے

نئی دہلی,ستمبر , سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ویریندر کمار نے جمعہ کے روز کہا کہ حکومت معذور افراد کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے مکمل طور پر عہد بند ہے اور ہر چیلنج میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ڈاکٹر ویریندر کمار نے ٹوکیو پیرالمپکس-2020 کے فاتحین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ معذور افراد کو معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کیا جائے۔ اس کے لیے کئی اسکیمیں چلائی جارہی ہیں اور ضرورت پڑنے پر وزیر اعظم نریندر مودی ان میں مداخلت کرتے ہیں۔ انہوں نے حکومت کی مختلف اسکیموں کا بھی ذکر کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت برائے سماجی انصاف و تفویض اختیارات رام داس اٹھاولے موجود تھے۔وزیر موصوف نے کہا کہ سماجی انصاف کی وزارت نے پہلی بار پیرالمپک جیتنے والوں کو نقد انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے سونے کے تمغہ یافتگان کے لیے 10 لاکھ روپے، چاندی کے تمغہ یافتگان کے لیے 8 لاکھ روپے اور کانسے کے تمغے جیتنے والوں کے لیے 5 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔ نقد انعامات براہ راست کھلاڑیوں کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کیے جائیں گے۔تقریب میں ٹوکیو پیرالمپکس کے دیگر ممبران اور کوچز کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ پیراالمپک کمیٹی آف انڈیا کے چیف اویناش رائے کھنہ، صدر دیپا ملک، جنرل سکریٹری گرشرن سنگھ اور دیگر سینئر حکام تقریب میں موجود تھے۔

Related Articles