2 ارب ڈالرز کمانے والی فلم اواتار 2 کا اصل منافع دنگ کردے گا

لاس اینجلس،اپریل۔اواتار دی وے آف واٹر تاریخ کی مہنگی ترین فلموں میں سے ایک ہے جس نے 2 ارب 30 کروڑ ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کیا۔مگر دسمبر 2022 میں ریلیز ہونے والی اس فلم کے پروڈیوسرز کو اتنے زیادہ بزنس سے کتنا منافع ہوا؟اواتار دی وے آف واٹر کی ریلیز سے قبل ایک انٹرویو کے دوران جب جیمز کیمرون سے پوچھا گیا کہ کتنے بزنس کے بعد اواتار 2 سے مالی نقصان نہیں ہوگا، تو ان کا کہنا تھا کہ اسے سب سے زیادہ بزنس کرنے والی تیسری یا چوتھی فلم ہونا چاہیے، جس کے بعد ہم اسے کامیاب کہہ سکیں گے۔تو اواتار ایسا کرنے میں کامیاب رہی کیونکہ اب وہ دنیا میں سب سے زیادہ کمانے والی تیسری بڑی فلم ہے۔مگر اتنا بزنس کرنے کے باوجود اس سے ہونے والا منافع حیران کن حد تک کم ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق اواتار 2 کی 2 ارب 30 کروڑ ڈالرز سے زائد آمدنی میں سے ہونے والا منافع محض 53 کروڑ ڈالرز ڈالرز سے کچھ زیادہ تھا۔رپورٹس میں فلم کے پروڈکشن بجٹ کا تخمینہ 40 کروڑ ڈالرز سے زیادہ کا لگایا گیا جبکہ مارکیٹنگ اخراجات کو ملا کر مجموعی طور پر 60 کروڑ ڈالرز اس فلم کی تیاری پر خرچ ہوئے۔یہی وجہ تھی کہ جیمز کیمرون نے فلم کی ریلیز سے قبل ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ فلم کو نقصان سے بچنے کے لیے ہی کم از کم 2 ارب ڈالرز کا بزنس کرنا ہوگا۔2 ارب ڈالرز سے زائد بزنس کے بعد جیمز کیمرون نے ایک اور انٹرویو میں کہا تھا کہ اب وہ اواتار سیریز کی مزید 3 فلمیں بنانے پر مجبور ہو جائیں گے۔جیمز کیمرون پہلے ہی اواتار سیریز کی 5 فلمیں تیار کرنے کا اعلان کرچکے ہیں مگر کچھ عرصے پہلے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ اواتار 2 اتنی مہنگی فلم ہے کہ اگر اس سے ہمیں نقصان ہوا تو ہم 5 کی بجائے 3 فلموں سے ہی سیریز کو ختم کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ ‘باکس آفس کو دیکھ کر لگتا ہے کہ مجھے تمام فلمیں بنانا پڑیں گی اور اب میں جانتا ہوں کہ آئندہ 6 یا 7 سال مجھے کیا کرنا ہے’۔خیال رہے کہ اواتار سیریز کی تیسری فلم 20 دسمبر 2024 کو ریلیز کی جانی ہے۔

Related Articles